میر رضا قتل کیس: پُراسرار گیسٹ ہاؤس کے 14 سالہ ملازم کا بیان، نئے انکشافات سامنے آگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

میر رضا
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیش کے دوران گلستانِ جوہر کے اس پراسرار گیسٹ ہاؤس کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جہاں سے مبینہ طور پر میر رضا کی لاش برآمدگی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق گیسٹ ہاؤس میں دن کے وقت کام کرنے والے 14 سالہ ملازم کا کہنا ہے کہ اس نے میر رضا کو واقعے سے قبل وہاں کبھی نہیں دیکھا۔ میر رضا کے والد کے گیسٹ ہاؤس پہنچ کر شور مچانے پر عملہ خوفزدہ ہو کر پچھلے راستے سے فرار ہوگیا، جبکہ وہ خود ایک کمرے میں چھپ گیا تھا۔

چودہ سالہ ملازم کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی۔ شاہد کا کہنا ہے کہ دروازہ کھولنے پر مقتول کے والد وہاں موجود تھے۔ عملے کے افراد درخت پر چڑھ کر دیوار عبور کرکے فرار ہوئے۔ پولیس نے فرار ہونے والے تین افراد میں سے دو کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ایک تاحال مفرور ہے۔

شاہد کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد اسے رہا کردیا گیا، جبکہ ذرائع کے مطابق 6 افراد  تاحال پولیس کی حراست میں ہیں۔خیال رہے کہ یہ کیس اس وقت مزید متنازعہ ہوگیا تھا جب سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ مذکورہ گیسٹ ہاؤس سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ملکیت ہے اور وہاں میر رضا کو تشدد کرکے قتل کیا گیا۔

اس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے شرجیل میمن اور ان کے بیٹے راول میمن نے ان الزامات کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کرائی ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ہائی کورٹ کے جج کے ذریعے جوڈیشل انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ میر رضا 28 جولائی کو فیروز آباد سے لاپتہ ہوئے تھے اور 29 جولائی کو ان کی لاش گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔ اہلخانہ اور وکیل جبران ناصر نے پولیس کی جانب سے خودکشی کے ابتدائیr مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے قتل قرار دیا ہے۔

Related Posts