کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ نہ دکھانے والی مسافر گاڑیاں روک لی جائیں۔وزیرِ ٹرانسپورٹ کا حکم

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کو وارننگ، گاڑیوں پر 35ہزار جرمانہ عائد
کورونا ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کو وارننگ، گاڑیوں پر 35ہزار جرمانہ عائد

کراچی: وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کے بغیر مسافر گاڑیوں کو سفر پر نکلنے نہ دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ ٹرانسپورٹ سندھ نے ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں۔ لاڑکانہ میں 100 سے زائد مسافروں اور ڈرائیورز کو سفر کے دوران موبائل ویکسینیشن عملے نے ویکسین لگائی۔

وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے بتایا کہ سکھر، ٹھٹھہ، میر پور خاص اور شکارپور میں ویکسین نہ لگوانے پر مسافر گاڑیوں پر 35 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ دیگر شہروں میں مسافروں کو وارننگ دی گئی۔

خیرپور، سانگھڑ اور شہید بے نظیر آباد میں ویکسین نہ لگوانے پر متعدد مسافروں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کہا کہ اگر ٹرانسپورٹرز اور مسافروں نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو سخت فیصلے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، محکمۂ ٹرانسپورٹ کے افسران، ٹریفک پولیس اور موٹر وے پولیس مسافر گاڑیوں کو کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ کے بغیر نکلنے نہ دیں۔مسافروں اور ٹرانسپورٹرز پر ویکسین نہ لگوانے پر کارروائی کی جائے گی۔ 

خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان نے کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسینیشن مہم تیز کردی، ایک روز میں شہریوں کو ویکسین کی 5 لاکھ 25 ہزار ریکارڈ خوراکیں لگا دی گئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ روز پاکستان نے 5 لاکھ خوراکوں کی حد عبور کی۔

پیغام میں این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ 1روز میں پہلی خوراک لگوانے والوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ رہی کیونکہ 3 لاکھ 90 ہزار افراد نے پہلی بار ویکسین لگوا کر تاریخ رقم کردی۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے 24 گھنٹوں میں کورونا ویکسین کی ریکارڈ5لاکھ خوراکیں لگا دیں

Related Posts