پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر چوری کی واردات پیش آئی ہے جہاں سے ایئر کنڈیشنرز، دروازوں، کھڑکیوں سمیت مختلف اشیا غائب ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے علاقے جاتلی میں واقع ڈھوک امب میں راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔ واردات کا مقدمہ سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکریٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کرلیا گیا ہے۔
درج مقدمے کے مطابق نامعلوم افراد رہائش گاہ سے تین ایئر کنڈیشنرز، دو دروازے، دو کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی اشیا اور گھاس کاٹنے والی مشین لے گئے۔ واردات کے بعد گھر کے مختلف حصوں میں تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ پر کام کرنے والا گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب ہے۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے مطابق ملازم گزشتہ رات سے وہاں موجود نہیں اور اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق چوری ہونے والی اشیا کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے ہے۔ واقعے سے متعلق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ چوری کی واردات اور ملازم کی عدم موجودگی کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








