منیلا: فلپائن میں فضائیہ کے دو تربیتی طیارے دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں چار پائلٹ ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے بعد فضائیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر متعلقہ ماڈل کے تمام تربیتی طیاروں کی پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فلپائن کی فوج نے ہفتے کو بتایا کہ یہ حادثہ جمعے کے روز دارالحکومت منیلا کے جنوب میں واقع صوبے باتانگاس کے فرنینڈو ایئر بیس پر تربیتی پرواز کے دوران پیش آیا۔ حادثے میں SF-260 ساخت کے دو تربیتی طیارے شامل تھے۔
فلپائن ایئر فورس کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں طیارے ایئر بیس کی حدود میں گر کر تباہ ہوئے۔ حکام نے چار پائلٹوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ حادثے میں کسی دوسرے شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں طیارے فضا میں آپس میں ٹکرا گئے تھے، تاہم حادثے کی حتمی وجہ تاحال سرکاری طور پر سامنے نہیں آئی۔
فلپائن ایئر فورس نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع ہونے تک SF-260 تربیتی طیاروں کے پورے بیڑے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کردیا ہے۔ حکام کی جانب سے تحقیقات کے نتائج اور حادثے سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
یہ فلپائن میں SF-260 طیارے کے ساتھ پیش آنے والا حالیہ برسوں کا پہلا جان لیوا حادثہ نہیں۔ رواں سال مئی میں بھی ایک SF-260 تربیتی طیارہ ملک کے شمالی حصے میں پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوا تھا جس میں دو پائلٹ ہلاک ہوگئے تھے۔ اس سے قبل 2023 میں ایک اور SF-260 TP مارچیٹی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں بھی دو پائلٹ جان سے گئے تھے۔
رائٹرز کے مطابق فلپائن کی فوج نے 2017 میں جنوبی شہر مراوی میں اسلامک اسٹیٹ سے وابستہ شدت پسندوں کے قبضے کے بعد کئی ماہ تک جاری رہنے والی فضائی کارروائیوں کے دوران بھی SF-260 طیارے استعمال کیے تھے۔
حالیہ حادثے کے بعد ان طیاروں کی پروازیں معطل کردی گئی ہیں جبکہ حادثے کی اصل وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








