حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی قومی شمائلہ رانا اپنی ماہانہ تنخواہ سے متعلق بیان کے بعد سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید تنقید کی زد میں آگئیں۔
ایک وائرل انٹرویو میں شمائلہ رانا نے کہا کہ 5 لاکھ 20 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ میں گزارا کرنا آسان نہیں اس لیے ارکان اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ بڑھا کر 10 لاکھ روپے کردی جانی چاہیے تاکہ گھریلو اخراجات بہتر انداز میں پورے کیے جاسکیں۔
لیگی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت صرف اس لیے کچھ رقم بچا پاتی ہیں کیونکہ وہ ڈائٹنگ کر رہی ہیں، بصورت دیگر روزمرہ زندگی کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سرکاری گھر یا گاڑی جیسی سہولیات دستیاب نہ ہوں تو موجودہ تنخواہ میں عام اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہوجاتا ہے۔
شمائلہ رانا کے اس بیان پر عوامی اور سوشل میڈیا حلقوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آیا جہاں متعدد صارفین نے عام شہریوں کی آمدن اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں ان کے موقف پر سوالات اٹھائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








