نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)نے لاہور میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی نادرا ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں کا نجی ڈیٹا چرانے اور بیچنے والے دو ملزمان، ارسلان اور علی رضا کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ دونوں ملزمان ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا انتہائی حساس اور ذاتی ریکارڈ غیر قانونی طور پر حاصل کرنے میں ملوث تھے اور انہوں نے منی نادراکے نام سے ایک فرضی ویب سائٹ بنا رکھی تھی جہاں وہ لوگوں کو نادرا سے جڑی معلومات فراہم کرنے کا جھانسہ دیتے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تین ٹیرا بائٹ پر مشتمل ایک بہت بڑا ڈیٹا برآمد ہوا ہے جس میں شہریوں کے خاندانی شجرے، موبائل سموں کی رجسٹریشن اور ملکیت کا ریکارڈ، کالز کا ڈیٹا، مختلف سرکاری محکموں کی معلومات اور عوام کی لوکیشن کا حساس ریکارڈ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہ لوگ کھوجی نامی پلیٹ فارم تک غیر قانونی رسائی اور اس کی خرید و فروخت کے مکروہ دھندے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان کے پاس سے دو موبائل فون بھی ملے ہیں جبکہ برآمد شدہ تین ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا اس وقت فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ اس سنگین معاملے میں مزید چھان بین جاری ہے اور اس گھناؤنے کام میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








