کراچی میں آج بھی موسم شدید گرم اور مرطوب ہے تاہم دوپہر کے بعد شہر کے مضافاتی علاقوں میں موسم کروٹ لے سکتا ہے اور گرج چمک کے بادل بننے کے ساتھ بارش کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے لیکن شدید حبس اور گرمی کے باعث شہریوں کو بعض علاقوں میں درجہ حرارت اس سے کہیں زیادہ محسوس ہوگا جہاں ہیٹ انڈیکس 42 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر 12 سے 1 بجے کے بعد شہر کے اطراف میں مختلف سمتوں سے چلنے والی ہواؤں کے آپس میں ملنے کے نتیجے میں بادل بننے کا عمل تیز ہوسکتا ہے۔ اس دوران مضافاتی علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارش کی سرگرمی کا امکان ہے۔
بحریہ ٹاؤن، ڈی ایچ اے سٹی، گڈاپ، بیجار، ڈمبا گوٹھ، اسکیم 33، ملیر، گلشن حدید، گلشن معمار، پورٹ قاسم اور اسٹیل ٹاؤن سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں آندھی کے ساتھ گرج چمک اور بارش ہوسکتی ہے۔
کراچی کے دیگر علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کے امکانات موجود ہیں جن کی شرح 45 سے 60 فیصد تک بتائی گئی ہے تاہم مون سون کا نظام کمزور ہونے کے باعث شہر کے مرکزی اور گنجان آباد علاقوں میں بارش کی سرگرمیاں محدود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید گرمی مقامی سطح پر بادل بننے کے عمل کو تقویت دے سکتی ہے جس کے باعث بعض علاقوں میں اچانک گرج چمک اور بارش ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








