ایچ ای سی کے صوبائی تقریری مقابلوں میں مہران اور لمز یونیورسٹی کے طلبہ چھا گئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیرِاہتمام سندھ بھر کی جامعات کے درمیان تقریری مقابلوں میں مہران یونیورسٹی اور لمز یونیورسٹی کے طلبہ نے میدان مار لیا۔

جس کے مہمانانِ خصوصی وائس چانسلر کراچی یونی ورسٹی ڈاکٹرخالد عراقی، وائس چانسلر برہان یونی ورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی اور دیوان یونی ورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگزیب تھے، جبکہ تقریری مقابلوں کے جج صاحبان میں جامعہ کراچی کی پروفیسر تنظیم الفردوس، معروف صحافی، کمیونیکیشن مینیجر اوریک این ای ڈی یونی ورسٹی فروا حسن اور سینئر اینکر ردا سیفی جبکہ انگریزی کے جج صاحبان میں اینکر پرسن نتاشہ حسیب، اربیلہ میمن اور امیر علی لاشاری شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا تھا کہ بحث و مباحثہ کامقصد مثبت معاشرےکی تشکیل ہے۔ ہمارا نوجوان بلند حوصلے اور بلند کردار کا مالک ہے اور علم حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ ایچ ای سی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن نے کہا کہ ان تقریری مقابلوں کے انعقاد کا مقصد دلیل اور مطالعے کا فروغ ہے۔ ڈیجیٹل دور میں ہم مطالعے سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ تاہم ڈیجیٹل ٹولز سے آپ بآسانی مطالعے کو فروغ دے سکتے ہیں۔

انگریزی تقاریری مقابلوں میں مہران یونیورسٹی نے پہلی، جی سی یونی ورسٹی حیدرآباد نے دوسری جبکہ لیاقت یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اُردو تقریری مقابلوں میں لمز یونیورسٹی نے پہلی، بے نظیر آباد یونی ورسٹی نے دوسری اور کراچی یونیورسٹی کی ٹیم نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

ان تقریری مقابلوں میں مختلف ماہرینِ تعلیم، صحافیوں، زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔

یاد رہے ان مقابلوں کا اگلا اور فائنل مرحلہ ایچ ای سی اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے ٹیمیں حصہ لیں گی۔

Related Posts