خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی اطلاعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے اور جماعت کے اندر سے پہلا بڑا استعفیٰ سامنے آ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی جانب سے فردوس شمیم نقوی کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ مشعال یوسفزئی کو باضابطہ طور پر شوکاز نوٹس جاری کریں۔ اس پس منظر کے بعد استعفے کی یہ خبر سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گئی۔
فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفیٰ قیادت کو بھیج دیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ان کا استعفیٰ منظور کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے فردوس شمیم نقوی کو منصب پر برقرار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے دیرینہ اور بانی چیئرمین کے انتہائی قریبی اور مخلص ساتھی ہیں اس لیے وہ اپنی ذمہ داریاں بدستور نبھاتے رہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق قیادت کی جانب سے استعفیٰ نامنظور کیے جانے کے بعد فردوس شمیم نقوی تاحال ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کے منصب پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








