برتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانا ہوگیا ممکن! نادرا نے آخری تاریخ بھی بتادی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے باعث شناختی کارڈ سے محروم رہنے والے شہریوں کے لیے خصوصی سہولت متعارف کروادی ہے جس کے تحت اہل خواتین اور مرد 31 دسمبر 2026 تک اس رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

نادرا کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کی غیر رجسٹرڈ خواتین پیدائشی سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔ شادی شدہ خواتین کے پاس یونین کونسل کا جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ ہونا ضروری ہے جبکہ والد یا والدہ میں سے کسی ایک اور شوہر کا شناختی کارڈ یا نائیکوپ بھی موجود ہونا چاہیے۔ درخواست کے وقت متعلقہ افراد کی بائیومیٹرک تصدیق بھی لازمی ہوگی۔

اگر والدین یا شوہر وفات پا چکے ہوں لیکن ان کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہو تو متعلقہ سوالات کے تسلی بخش جوابات کے بعد درخواست وصول کی جاسکتی ہے۔ غیر شادی شدہ خواتین کے لیے شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔

مردوں کے لیے بھی سہولت

نادرا نے 24 سال سے زائد عمر کے ایسے مردوں کو بھی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے تاحال شناختی کارڈ نہیں بنوایا۔ اس کے لیے والد یا والدہ اور کم از کم ایک بہن یا بھائی کا شناختی کارڈ یا نائیکوپ موجود ہونا ضروری ہے۔ والدین کی موجودگی میں ان کے ہمراہ جبکہ ان کے انتقال کی صورت میں شناختی کارڈ رکھنے والے بہن یا بھائی کے ساتھ نادرا مرکز جانا ہوگا۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ درخواست میں فراہم کردہ معلومات کے مطابق والدین کی تفصیلات، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش درج کی جائے گی جن میں بعد ازاں تاحیات تبدیلی نہیں کی جاسکے گی۔

Related Posts