پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب حکومت نے عوام کو سفری اخراجات میں ریلیف دینے کے لیے اقدامات شروع کردئیے ہیں تاہم کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے حوالے سے تاحال کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔
کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پہلے ہی غیر معمولی اضافہ کیا جاچکا ہے لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی۔ شہریوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور مسافروں کو بھی سفری اخراجات میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں نمایاں کمی کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کے فیصلے کے تحت مقامی مسافر ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 12 فیصد، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کے فریٹ ریٹس میں 10 فیصد کمی کی گئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 10 روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 39 روپے 91 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 96 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے احکامات جاری کیے تھے بعد ازاں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سید اسد عباس شیرازی نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اجلاس میں نئے کرایوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
راولپنڈی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرے تو اس کے خلاف شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن 1071 فراہم کی گئی ہے۔
کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ جب پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ مسافروں تک پہنچایا جا رہا ہے تو کراچی میں بھی ٹرانسپورٹ کرایوں پر نظرثانی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








