صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک نجی فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے میں 19 سالہ ملازم جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک اور ایک ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس اور وائلڈ لائف حکام کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جہاں شیرنی کے حملے سے فارم ہاؤس کا کیئر ٹیکر طلحہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر علاج کے لیے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق کاہنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو حراست میں لے لیا ہے۔ حملہ کرنے والی شیرنی کو بھی فارم ہاؤس سے تحویل میں لے کر وائلڈ لائف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
کاہنہ پولیس نے فارم ہاؤس میں شیرنی کے حملے سے 19 سالہ نوجوان کی ہلاکت کے واقعے میں فارم مالک اور ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا۔ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچنے والے ٹک ٹاکر کی موجودگی میں شیرنی قابو سے باہر ہو گئی، جس کے نتیجے میں فارم کا ملازم شدید زخمی ہوا اور دورانِ علاج دم توڑ گیا۔ واقعے کی حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔ حملہ آور شیرنی کو وائلڈ لائف کی تحویل میں دے دیا گیا، جبکہ شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، حفاظتی انتظامات اور ممکنہ غفلت کے پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
#Digoperations #LahorePolice #PunjabPolice #لاہورپولیس #lahore #لاہور #ہمارے_شہداء_ہمارا_فخر
— Lahore Police Official (@Lahorepoliceops) November 12, 2026
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ٹک ٹاکر نعمان ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا جہاں اس دوران شیرنی بے قابو ہوگئی اور اس نے وہاں موجود ملازم طلحہ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوا اور بعدازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کے بعد مبینہ طور پر اصل حقائق چھپانے کی کوشش کی گئی اور شیرنی کے حملے کو کتے کے حملے کا نتیجہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مشکوک حالات کی تحقیقات کے دوران شیرنی کے حملے کا معاملہ سامنے آگیا۔
دوسری جانب پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے اور مزید قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔
حکام نے فارم ہاؤس میں شیرنی رکھنے کے اجازت نامے، حفاظتی اقدامات اور ممکنہ غفلت سمیت تمام متعلقہ پہلوؤں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کا شوق کسی انسانی جان سے زیادہ اہم نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق واقعے کے اصل حقائق چھپانے کی مبینہ کوشش اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا جبکہ تفریح یا سوشل میڈیا کے شوق کی آڑ میں انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








