نئے صوبے کب بنیں گے؟ 28 ویں ترمیم منظور کب ہوگی؟ فواد چوہدری کا بڑا دعویٰ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ملکی سیاسی منظرنامے میں ایک بار پھر ہلچل مچ گئی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر ہی ملک میں ایک اہم آئینی تبدیلی رونما ہونے والی ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں 15 جنوری سے قبل 28ویں آئینی ترمیم منظور ہو جائے گی جبکہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کا اعلان بھی جلد متوقع ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے کرنٹ افیئرز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وکلا کے دو مختلف گروپس 28ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی تیاری میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق آئینی ترمیم کے ساتھ نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کے اعلان کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی اس پیش رفت کے حق میں نہیں ہیں۔ اب اہم سوال یہ ہے کہ آیا اس معاملے کو بھی ماضی میں کینالز کے معاملے کی طرح روک دیا جائے گا یا اسٹیبلشمنٹ ملک کے سیاسی نظام کو نئے سرے سے ترتیب دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔

دوسری جانب چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 28ویں آئینی ترمیم کی مشروط حمایت کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک ارکان کی اکثریت نے موقف اختیار کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کر دیا جائے تو پارٹی اس آئینی ترمیم کی حمایت کرنے پر غور کر سکتی ہے۔

اس پیش رفت کے بعد 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں بحث مزید تیز ہو گئی ہے تاہم ترمیم کی منظوری، اس کے مجوزہ نکات اور نئے صوبوں سے متعلق ریفرنڈم کے معاملے پر حتمی صورت حال سامنے آنا ابھی باقی ہے۔

Related Posts