وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں سے گزرنے والی ریت اور بجری میں خالص سونے کے وسیع ذخائر کے ناقابل تردید شواہد سامنے آئے ہیں جن کی تلاش اور مقدار جانچنے کے لیے باقاعدہ سروے کا عمل جاری ہے۔
دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پانچ دریاؤں کی اس دھرتی میں اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی خزانے اور غیر معمولی صلاحیت رکھی ہے اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھرپور انداز میں استفادہ کیا جائے۔
انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ سونے کے علاوہ صوبے کے مختلف حصوں میں کوئلہ، گرینائٹ، اور دنیا بھر میں مشہور گلابی و عام نمک کے بھی عظیم ذخائر پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دریائی ریت اور بجری میں صرف سونا ہی نہیں بلکہ کئی دیگر نایاب دھاتیں اور قیمتی معدنیات بھی چھپی ہوئی ہیں۔
مریم نواز نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبائی معدنی وسائل کو اجتماعی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس مقصد کے لیے بین الاقوامی اور تجارتی شراکت داریوں کے دروازے کھول دیے گئے ہیں جبکہ صوبے میں نئی صنعتوں اور کاروبار کے قیام کے لیے سرمایہ کاروں کو انتہائی سستے داموں زمین بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








