کراچی سرکلر ریلوے، 2 ہفتے بعد 14 کلو میٹر کا ٹریک فعال کریں گے۔شیخ رشید

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی سرکلر ریلوے، 2 ہفتے بعد 14 کلو میٹر کا ٹریک فعال کریں گے۔شیخ رشید
کراچی سرکلر ریلوے، 2 ہفتے بعد 14 کلو میٹر کا ٹریک فعال کریں گے۔شیخ رشید

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کا افتتاح کردیا،  شیخ رشید نے اعلان کیا کہ 2 ہفتے بعد 14 کلومیٹر کا ٹریک بھی فعال کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے سرکلر ریلوے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 سال بعد کراچی کے عوام کیلئے سرکلر ریلوے بحال کر رہے ہیں جس کا سہرا چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیرِ اعظم عمران خان کے سر ہے۔ سرکلر ریلوے کا کرایہ 30 روپے جبکہ مزدور کیلئے 750 روپے ماہانہ ہوگا۔مزدور کارڈ بھی بنایا جاسکتا ہے جبکہ 14 دسمبر کو اورنگی تک سرکلر ریلوے شروع ہوگا۔ 

کے سی آر کے آئندہ اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم 12 لیول کراسنگ ٹھیک کریں گے، سندھ حکومت نے بھی سرکلر ریلوے منصوبے میں ہمارے ساتھ تعاون کیا، میں کوچز تبدیل کرنے کے حق میں تھا لیکن 3 بار ٹینڈر دینے کے باوجود ایک ہی پارٹی سامنے آسکی اور میں اِس عمر میں جیل جانے کا خواہش مند نہیں ہوں۔

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ فریٹ ٹرینیں 4 پارٹیز کو دے دی ہیں جبکہ مزید 8 ٹرینیں نجی پارٹیز چلائیں گی۔ حکومتیں جلسوں سے نہیں بدلا کرتیں، اگر ایسا ہوتا تو ہم بھی 126 روز تک جلسے کرکے بدل دیتے۔ اصل سرکلر ٹرین ماڈل کالونی، ملیر ہالٹ، ائیر پورٹ، ڈرگ کالونی، کراچی یونیورسٹی، اردو کالج، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، اورنگی، منگھوپیر، سائٹ، شاہ لطیف، بلدیہ، لیاری اور سٹی اسٹیشن تک چلتی تھی۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ لانڈھی سے سٹی اسٹیشن تک لوکل ٹرین چلتی تھی۔  میں نے خود اورنگی سے ماڈل کالوی تک بے شمار سفر کیے۔ کراچی سے میر پور خاص کیلئے بھی ہم 14 روز بعد ٹرین چلائیں گے۔ سندھ حکومت نے ایف ڈبلیو او کو ٹھیکہ دیا ہے، آلات کراچی پہنچ چکے ہیں۔ مزید 14 کلو میٹر 14 روز بعد فعال کریں گے۔ تمام پھاٹکوں کو محفوظ بنائیں گے۔ 40 کوچز میں سے 15 پہنچ چکی ہیں۔

قبضہ مافیا کا ذکر کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں مافیا کے خلاف کوئی سیاسی سپورٹ حاصل نہیں جو بہت بڑا ہے۔ سندھ حکومت بھی کوشش کرے اور ہم بھی آہستہ آہستہ قبضے ختم کرا رہے ہیں۔ جیسے جیسے پل بنیں گے، کے سی آر منصوبہ آگے بڑھتا جائے گا۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ریلوے نے اسٹیج پر لگے پینا فلیکس پرکے سی آر کی جگہ لوکل ٹرین کا افتتاح لکھا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجموعی طور پر 46 کلو میٹر کے ٹریک پر ٹرین چلے گی۔ پہلے 4 اور پھر 10 اپ ڈاؤن ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ تمام سامان ریلوے کے مزدوروں کا تیار کردہ ہے۔ گیلانی اسٹیشن سمیت تمام قبضہ چھڑائیں گے۔ ریلوے کی زمین پر قبضے ہیں، ایک پلاٹ بیچیں تو ادارے کا قرض اتر جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکلر ریلوے کی بحالی، شہریوں کی امیدوں پر پانی پھر گیا

Related Posts