مودی حکومت نےخطہ کا امن و استحکام داؤ پر لگادیا ہے، سردار مسعود خان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

sardar masood jam kamal
مودی حکومت نےخطہ کاامن و استحکام دائو پر لگادیا ہے، سردار مسعود خان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کوئٹہ: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت نے بھارت کے شہریوں کو انتہاء پسندی کی سوچ دے کر پورے خطہ کے امن و استحکام  کو داؤ پر لگادیا ہے۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعو خان نے نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان سے ملاقات کی، صدر آزادکشمیر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں انسانی حقوق کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور بھارتی حکومت کی امتیازی پالیسیوں اور شہریت قانون سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر کے بارے میں دہلی کی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کی۔

صدر سردار مسعود خان نے بلوچستان کے عوام کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت اور یکجہتی کے اظہار کے لئے بلوچستان بھر میں جلسے ، جلوس اور یلیاں منعقد کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے1 سال کے دوران 210مظلوم کشمیریوں کو شہید کیا، 2000 سے زائد زخمی

صدر آزادکشمیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی طرف سے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آزادکشمیر کا دورہ کرنے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت میں رونما ہونے والے واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت کے موجودہ حکمرانوں کی پالیسی بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور اکھنڈ بھارت بنانے کی پرانی سوچ کی عکاسی کرتی ہے جس کے ملکی سلامتی اور استحکام کے خلاف منفی اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ تنازعہ کشمیر کے پرامن سیاسی و سفارتی حل کے لئے اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی اور کثیر القومی فورمز پر کوششیں جاری رہنی چاہیے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صدر آزادکشمیر کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے غیور اور محب وطن عوام کشمیریوں کے حق و انصاف پر مبنی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے کیونکہ وہ اس حمایت کو اپنی اخلاقی، قومی اور مذہبی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

صدر سردار مسعود خان نے بلوچستان کی حکومت اور آزادکشمیر کے درمیان معاشی، صنعتی اور چھوٹے اور درمیانی درجے کی کاروباری سر گرمیوں میں باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں حکومتوں کو معدنیات کے شعبے میں خاص طور پر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔

صدر آزادکشمیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اس مقصد کے لئے آزادکشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے صدر آزاد کشمیر کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کابینہ کے اہم وزراء کے ہمراہ جلد آزادکشمیر کا دورہ کریں گے۔

Related Posts