قومی اسمبلی میں ہنگامہ،پی ٹی آئی رکن علی نواز نے روحیل اصغر کو کتاب دے ماری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

قومی اسمبلی میں ہنگامہ،پی ٹی آئی رکن علی نواز نے روحیل اصغر کو کتاب دے ماری

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا ہال مچھلی بازار بن گیا، پی ٹی آئی کے رکن علی نواز اعوان نے تلخ کلامی کے بعد لیگی رہنماء شیخ روحیل اصغر کو کتاب دے ماری، قریب کھڑے ساتھیوں نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے جب تقریر شروع کی تو ایوان میں حکومتی بنچوں سے شور شرابا شروع ہو گیا، حکومتی ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے۔جس کے بعد صورتحال مزید خراب تر ہوتی چلی گئی۔

وفاقی وزرا ء شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری بھی نعرہ بازی کرنے والوں میں شریک تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ارکان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے گرد حصار قائم کردیا۔

اسپیکر اسد قیصر نے تمام اراکین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شور شرابہ نہ کرنے کی سخت تلقین کی لیکن وہ بھی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد انھیں اجلاس بیس منٹ کیلئے ملتوی کرنا پڑ گیا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر سے حکومتی بنچوں میں آگ لگ گئی ہے۔ انہوں نے بجٹ دستاویزات جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اہداف بارہ سے پندرہ فیصد مہنگائی کی بنیاد پر بنائے گئے، وزیر خزانہ بتا دیں کیا بجٹ سے مہنگائی کم ہوگی؟

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپوزیشن اراکین کو وارننگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بجٹ پر تنقید حزب اختلاف کا حق ہے لیکن مہذب طریقہ اختیار کیا جائے، اپنی بات کریں اور حکومتی موقف نہ سنیں، یہ مناسب نہیں،شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن ہماری نہیں سنے گی تو ہم بھی ان کی نہیں سنیں گے۔

مزید پڑھیں: چئیرمین نیب میں شرم ہے تو ایل این جی کا جھوٹا کیس ختم کریں، شاہد خاقان عباسی

Related Posts