پی ٹی آئی کا عمران خان کے بیانات سے اظہار لاتعلقی؟ چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کیا کہہ دیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے واضح کیا ہے کہ پارٹی سابق وزیر اعظم عمران خان کے آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے کسی قسم کا تعلق نہیں رکھتی اور پارٹی اس اکاؤنٹ کو تسلیم نہیں کرتی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے معاملے پر دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت کے جج جسٹس ارباب محمد طاہر نے اس کیس پر کارروائی کی۔

سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے قانونی ٹیم کے ارکان میں وکیل خالد یوسف چوہدری اور شمسہ کیانی کے علاوہ این سی سی آئی اے کے حکام بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

عدالت میں مکالمہ اور استدعا

دورانِ سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ذاتی حیثیت میں طلب نہیں کیا گیا تھا آپ کی جانب سے تحریری جواب بھی بھجوایا جا سکتا تھا۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی خان نے عدالت کے روبرو دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس آفیشل ایکس اکاؤنٹ کو کلیم نہیں کرتی اور اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے عدالت سے استدعا کی کہ موجودہ سیاسی و قانونی حالات تبدیل ہو چکے ہیں لہٰذا تفصیلی موقف اور جواب جمع کروانے کے لیے کچھ مہلت دی جائے۔

عدالت نے ان کی یہ درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 23 نومبر تک کے لیے ملتوی کر دی، اور ہدایت کی کہ جو کچھ بھی کہنا ہے اسے باقاعدہ تحریری شکل میں جمع کرایا جائے۔

Related Posts