نئے صوبوں کی بحث پر سیاسی ہلچل، پیپلز پارٹی میدان میں آگئی، محسن نقوی سے استعفے کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ ہائبرڈ نظام کی حمایت، موجودہ نظام کو تباہ قرار دینا اور نئے صوبوں کی باتیں آئینی دائرے سے باہر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیر داخلہ نظام کی تباہی کی بات کر رہے ہیں تو انہیں حکومت میں نہیں رہنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ نیا صوبہ بنانے کیلئے آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے، صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کی قرارداد کے بغیر کوئی نیا صوبہ قائم نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں نئے صوبے کی کوئی ضرورت نہیں، اگر کسی صوبے کی تقسیم کی بات کرنی ہے تو پنجاب میں ماضی میں اس حوالے سے قرارداد منظور کی جا چکی ہے۔

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ آئین کے خلاف باتیں کرنے والوں کو قوم کا مجرم تصور کیا جائے گا۔ انہوں نے 22 صوبے بنانے کی تجاویز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے انتظامی اخراجات میں اضافہ ہوگا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے جلال پور کینال منصوبے کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ کونسل آف کامن انٹرسٹس (CCI) میں زیر التوا ہے، اجلاس ہونے پر اسے دوبارہ زیر بحث لایا جائے گا۔

Related Posts