بجٹ تجاویز پر غور کیلئے وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس آج ہوگا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بجٹ تجاویز پر غور کیلئے وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس آج ہوگا
بجٹ تجاویز پر غور کیلئے وزیراعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس آج ہوگا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں بجٹ تجاویز سمیت قومی و سیاسی نوعیت کے 21 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔ کابینہ ملک کی اقتصادی صورتحال پر بھی غور کرے گی۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران سندھ سے متعلق امور، قومی امور اور اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد (پی ڈی ایم) کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہوگی۔ کورونا وائرس کیسز اور ویکسین کی فراہمی بھی زیرِ غور آئے گی۔

آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کے علاوہ تاجکستان کو کورونا کی روک تھام کیلئے انسانی معاونت (ہیومن اسسٹنس) فراہمی کی منظوری دی جائے گی۔ کے الیکٹرک بورڈ آف ڈائریکٹرز میں حکومتی نمائندے کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

کابینہ اجلاس کے دوران کیپٹل ٹیریٹری رولز 2020ء کا ڈرافٹ پیش ہوگا۔ ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی تقرری کی توثیق کی جائے گی۔ قومی ترانے کے آڈیو اور ویڈیو مواد پر نظرِ ثانی کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔ ایم ڈی اے پی پی کی تقرری کی توثیق کی جائے گی۔ نجکاری کمیٹی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

فوجداری قوانین میں ترامیم پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں فرسٹ ویمن بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تقرری اور ای سی سی (اقتصادی رابطہ کمیٹی) کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

قبل ازیں وفاقی کابینہ نے ملک میں معاشی نمو میں بہتری پر وزیرِ اعظم عمران خان کو ڈیسک بجا کر مبارکباد پیش کی، سی پیک سے منسلک چینی شہریوں کیلئے خصوصی ویزہ پیکیج اور کورونا کی روک تھام کیلئے بوسنیا کو سامان بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

گزشتہ ماہ 25 مئی کے روز وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی کے نئے بورڈ اور کیپٹن (ر) منیر اعظم کی بطور چیئرمین پاکستان ٹوبیکو تعینات کی منظوری دی تھی۔ کابینہ اجلاس کے دوران اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کے اقدامات سے ترسیلاتِ زر اور برآمدات میں بہتری آئی ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے ٹی ایل پی کی درخواست پر کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی

Related Posts