مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورتحال کے تدارک کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرے، وزیر اعظم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورتحال کے تدارک کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرے، وزیر اعظم
مقبوضہ کشمیر میں سنگین صورتحال کے تدارک کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرے، وزیر اعظم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں اجلاس کے منتخب صدر وولکن بوزکر سے گفتگوکے دوران اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سنگین صورتحال کے تدارک کے لئے اپنا جائز کردار ادا کرے۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں دیے گئے حق خود ارادیت کا استعمال کر سکیں۔وزیر اعظم کی ان سے ملاقات اسلام آباد میں ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان نے وولکن بوزکر کوگزشتہ سال پانچ اگست کے بعد سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، قتل و غارت گری،کشمیری عوام کے انسانی حقوق کو منظم انداز میں سلب کرنے کی جاری کارروائیوں اور مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کے بارے آگاہ کیا۔

جبکہ دوسری جانب اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر سے اہم ملاقات ہوئی،جس میں افغان امن عمل سمیت خطے میں جاری امن کی کوششوں، بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے وولکن بوزکر کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ دنیا ایک طرف کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہے تو دوسری طرف ہم عالمی معاشی بحران کو پنپتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔ کورونا عالمی وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر جامع اور مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی کے صدر کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے جنرل اسمبلی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کر رہا ہے۔خطے میں دیرپا امن و استحکام کیلئے بین الافغان مذاکرات کا جلد انعقاد ناگزیر ہے۔

Related Posts