ہر وقت اتحادیوں کوشک کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اپنا سمجھا جائے، پرویز الہٰی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

pervez ilahi
pervez ilahi

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما پرویز الہٰی نے کہا کہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہر وقت اتحادیوں کو شک کی نظر سے دیکھا جائےبلکہ اتحادیوں کو اپنا سمجھنا چاہیے۔

پنجاب اسمبلی کے اسپیکرپرویز الہٰی کا اپنے ویڈیو پیغا م میں کہنا تھا کہ نئی کمیٹی سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب سے ہمارا تحریری معاہدہ ہوا تھا ، اس کے بعد پرویز خٹک صاحب کی سربراہی میں ایک اور نئی کمیٹی بنا دی گئی۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ اس سے پہلی والی حکومتی کمیٹی کے ساتھ کافی معاملات بہتری کے ساتھ آگے کی طرف بڑھ رہے تھے اور عمل درآمد شروع ہوچکا تھا،اب یہ پتہ چلا ہے کہ ایک نئی کمیٹی آگئی ہے، مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے میں یہی کہوں گا کہ بلھے شاہ کا ایک شعر ہے: نہ اگلی توں، نہ پچھلی توں، میں صدقے جاواں نچلی توں، ہمیں تو سمجھ نہیں آرہا ہے کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ اتحادی کا مقصد حکومت سے تعاون کرنا ہے اور اتحادی کو اپنا سمجھ کر چلنا ہی سود مند ہوتا ہے،اتحادیوں سے سوکن کے طور پر برتاؤ نہیں کرنا چاہیے، اس لیے آپ جن کے ساتھ چل رہے ہیں کم از کم ان کے ساتھ اعتماد کے ساتھ چلیں۔

پرویز الہٰی کاکہنا تھاکہ اپنا اعتماد بحال رکھیں اور اونر شپ ہونی چاہیے،ہم اکٹھے ہیں، ہماری مشکلات بھی اکٹھی ہیں، ہمارے نقصانات بھی اکٹھے ہیں اور فائدے تو اکٹھے نہ سہی لیکن کم ازکم خدانخواستہ حکومت کو کوئی نقصان ہوتا ہے تو اتحادی کے طور پر ہمیں بھی نقصان پہنچےگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں کو منانے، ان کے تحفظات دور کرنے اور ان سے رابطے تیز کرنے کےمختلف کمیٹیاں تشکیل دی تھیں ۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہناتھا کہ رابطوں کا یہ عمل مزید مضبوط اور باضابطہ ہونا چاہیے تاکہ تمام حکومتی اتحادیوں کے درمیان رابطوں میں کسی قسم کی کمی نہ رہے۔

مزید پڑھیں: اتحادی جماعتوں سے رابطے کے لیے وزیراعظم نے کمیٹیاں تشکیل دے دیں

Related Posts