ملک آئینی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ملک میں اس وقت بد ترین معاشی اور سیاسی بحران موجود ہے، ایسے میں کچھ عناصر کی جانب سے آئین کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا صوبوں میں عام انتخابات کا انعقاد نہ کروا کر پاکستان کو آئینی بحران میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

پاکستان کا آئین واضح ہے کہ قومی اسمبلی یا کسی بھی صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات 90 دنوں میں کرائے جائیں،جب اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے یا کسی وجہ سے پہلے تحلیل ہو جائے۔جنوری میں پنجاب اور پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کر دی گئیں اور صوبوں میں نگراں حکومتیں تشکیل دی گئیں تاکہ دونوں اسمبلیوں کے عام انتخابات 90 دن کے اندر کرائے جائیں تاہم دونوں نگراں حکومتیں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنے میں ناکام رہیں۔

جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے ان حکومتوں کو تین ماہ میں انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 30 اپریل کو پولنگ کے ساتھ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا۔ لیکن اب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات ملتوی کر دیے ہیں اور یہ صورتحال ملک میں ایک بڑے آئینی بحران کو جنم دے رہی ہے۔

اس حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کو وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔اپنے خط میں،صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام متعلقہ ایگزیکٹوز کو ہدایت کی جائے کہ وہ توہین عدالت سمیت مزید پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے، عدالت عظمیٰ کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے مقررہ مدت میں دونوں صوبوں میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آرٹیکل 105 یا آرٹیکل 112 کے تحت صوبائی اسمبلیوں کے تحلیل ہونے کی صورت میں آئین کے آرٹیکل 224 (2) کے تحت 90 دن کے اندر انتخابات کرانا ضروری ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف صدر مملکت کے مشوروں اور ہدایات کو سنجیدگی سے لیں اور آئین اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پنجاب اور پختونخوا میں عام انتخابات کرانے کی پوری کوشش کریں۔ بصورت دیگر پاکستان ایک خطرناک آئینی بحران میں ڈوب جائے گا جس سے ملک کی یکجہتی اور سا لمیت کو بری طرح نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

Related Posts