کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین کی 80 لاکھ خوراکیں لگائی گئیں۔ این سی او سی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین کی 80 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکیں۔ این سی او سی

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں ویکسین کی تقریباً 80 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے بیان کردہ اعدادوشمار کے مطابق یکم جون تک 3 لاکھ 5 ہزار 93 افراد کو کورونا ویکسینز لگائی گئیں جبکہ شہریوں کو لگائی گئی خوراکوں کی مجموعی تعداد 79 لاکھ 53 ہزار 574 ہے۔

پاکستان اور کورونا ویکسین کی مہم

فروری 2021ء میں پاکستان نے کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کیا جس کیلئے معاونت ہمسایہ ملک چین سے حاصل کی گئی۔ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز جبکہ دوسرے مرحلے میں ضعیف العمر شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔

بعد ازاں حکومت نے 18 سال سے زائد العمر افراد کیلئے ویکسینیشن شروع کی جس کے تحت ملک کی تقریباً تمام تر بالغ آبادی کی ویکسینیشن کا فیصلہ کیا گیا۔ واک اِن ویکسینیشن 30 سال اور اس سے زائد العمر افراد کیلئے پہلے ہی جاری ہے۔ ملک بھر میں سائنو فارم، کین سائنو، سائنو واک، آسٹرا زینیکا اور اسپتنک فائیو ویکسین لگائی جارہی ہے۔

قابلِ تعریف اقدام 

موجودہ صورتحال کے مطابق ویکسینیشن مہم حکومت کا قابلِ تعریف اقدام ہے کیونکہ تقریباً 80 لاکھ افراد کو کورونا کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ 50 لاکھ افراد کی ویکسینیشن کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

اگر کورونا ویکسین سینٹرز میں خدمات کی فراہمی کے معیار کی بات کی جائے تو بعض شہریوں کے مطابق خدمات مناسب جبکہ بعض کے نزدیک قابلِ تعریف ہیں۔ قصہ مختصر یہ کہ تیسری دنیا کے ملک پاکستان میں اول درجے کی ویکسینیشن جاری ہے جو قابلِ فخر کہی جاسکتی ہے۔

وائرس کے کیسز کی صورتحال 

بدھ کے روز کورونا کے باعث 80 اموات رپورٹ ہوئیں، مثبت کیسز 9 لاکھ 24 ہزار 667 ہو گئے۔ مجموعی طور پر 20 ہزار 930 افراد جاں بحق ہوئے۔ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کیے گئے کیسز کی تعداد 1 ہزار 843 رہی۔

صوبائی کورونا کیسز 

صوبہ پنجاب کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 10 ہزار 84 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سندھ میں 5 ہزار 51، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 95، اسلام آباد میں 763، آزاد کشمیر میں 548، بلوچستان میں 282 جبکہ گلگت بلتستان میں 107 افراد جاں بحق ہوئے۔

پنجاب میں 3لاکھ 40 ہزار 557، سندھ میں 3 لاکھ 19 ہزار 447، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 33 ہزار 124، اسلام آباد میں 81 ہزار 357، بلوچستان میں 25 ہزار 295، آزاد کشمیر میں 19 ہزار 287 جبکہ گلگت بلتستان میں کورونا کے 5 ہزار 600 کیسز رپورٹ ہوئے۔ 

ٹیسٹ اور صحتیابی کی صورتحال 

تاحال پاکستان میں کورونا کی تشخیص کیلئے 1 کروڑ 33 لاکھ 16 ہزار 397 ٹیسٹ کیے گئے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹس کی تعداد 47 ہزار 183 رہی جبکہ 8 لاکھ 48 ہزار 685 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ 3 ہزار 767 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 

Related Posts