نوازشریف کا مریم کے بغیر علاج سے انکار: کیا لندن میں کوئی نیا منصوبہ بن رہا ہے ۔۔۔

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے ایک بار پھر حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے، لندن میں علاج کی غرض سے موجود نوازشریف نے اپنی بیٹی مریم نواز کی عدم موجودگی میں علاج کروانے سے منع کردیا ہے۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ نوازشریف کاکارنری انٹروینیشن کا آپریشن سابق وزیراعظم کی خواہش کے مطابق موخر کردیا گیا ہے۔

نواز شریف کی خواہش تھی کہ آپریشن کے وقت انکی بیٹی مریم نواز ان کے ہمراہ ہوں، کارنری انٹروینیشن کا آپریشن گزشتہ جمعرات کو ہونا تھا۔ڈاکٹر عدنان کے مطابق نواز شریف کو روبیڈیم کارڈیک پیٹ اسکین کی رپورٹ میں دل کی بیماریوں کی نشاندہی ہوئی تھی اورشریانوں کی بندش ختم کرنے کیلئے ان کی کارڈیک کیتھیٹائزیشن کی جانی تھی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مریم نواز کو ان کے والد کے پاس جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے مشکل ترین وقت میں مریم سابق وزیراعظم کیلئے غم بانٹنے کا باعث بنیں ۔ مریم نواز کو والد کی دیکھ بھال کیلئے لندن آنے کی اجازت نہ دینا افسوسناک ہے۔

مریم نواز نے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی جس کے بعد وفاقی کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔جبکہ اوروزراء کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت ایک غلطی تھی ،مریم کو اجازت دینا بھی غلطی ہوگی اورمریم نواز کی بیرون ملک روانگی احتساب کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔

نوازشریف اور شہباز شریف گزشتہ سال نومبر سے لندن میں موجود ہیں اور وہیں سے پارٹی کے امور چلارہے ہیں تاہم مریم نواز نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے تاحال باہر نہیں جاسکیں اس لیئے نوازشریف نے اپنی بیماری کو مریم نواز کی لندن روانگی کا زینہ بناتے ہوئے ایک بار پھر حکومت پر دبائو بڑھادیا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملک میں اندرون خانہ جاری سیاسی کشمکش سے فائدہ اٹھانے کیلئے ن لیگ ن منصوبہ بنالیا ہے اور آئندہ مہینے مارچ سے سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو لندن بلانے کے پس پردہ سیاسی مقاصد کی تکمیل ہے کیونکہ ن لیگ کی کمان اب بھی نوازشریف کے ہاتھ میں ہے اور لندن میں جاری سرگرمیوں سے کہیں ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ نوازشریف انتہائی بیمار ہوں۔

مسلم لیگ ن بڑھتی مہنگائی پر عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو پیش نظر انتہائی راز داری سے اپنی حکمت عملی مرتب کر رہی ہے ، ن لیگ کی اعلیٰ قیادت حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ،ن لیگ کے منصوبے اس کے خدو خال کو فی الوقت سامنے نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہےلیکن مریم نوازکی پاکستان میں موجودگی سے ان کو تحفظات ہیں ، مریم نواز کی لندن موجودگی کے سبب ن لیگ کو کھل کر کھیلنے میں آسانی ہوگی ۔

Related Posts