کورونا وائرس : متحدہ پاکستان نے یومِ تاسیس 28 مارچ کو منانے کا فیصلہ کر لیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا وائرس : متحدہ پاکستان نے یومِ تاسیس 28 مارچ کو منانے کا فیصلہ کر لیا
کورونا وائرس : متحدہ پاکستان نے یومِ تاسیس 28 مارچ کو منانے کا فیصلہ کر لیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: کورونا وائرس سے ایم کیو ایم پاکستان کی سیاسی سرگرمیاں بھی متاثر ہو گئیں، 18 مارچ یوم تاسیس کا جلسہ ملتوی کرکے  آئندہ 28مارچ کو کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں گزشتہ روز  کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں عامر خان، کنور نوید جمیل اور دیگر سینئر اراکینِ رابطہ کمیٹی نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایم کیو ایم (پاکستان) کے 36ویں یومِ تاسیس کے حوالے سے اہم فیصلے ہوئے۔ 

رابطہ کمیٹی کے اس اہم اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے 36ویں یوم تاسیس کے حوالے سے فیصلوں میں یہ طے کیا گیا کہ موجودہ حالات میں کروناوائرس کے خطرات کی وجہ سے عوامی اجتماعات سے اجتناب کی ضرورت ہے۔ ایم کیو ایم ایک اہم اورذمہ دارسیاسی جماعت ہےجس کے پیش نظر یومِ تاسیس کا جلسہ آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

اراکینِ رابطہ کمیٹی نے یوم تاسیس کے 18مارچ کے جلسے کو اب 28 تاریخ کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اگر کرونا وائرس کے پھیلاؤکے تدارک کے حوالے سے کوئی قابل ذکر پیش رفت نہ ہوسکی تونئی تاریخ کا اعلان بعد میں کر دیا جائے گا۔اجلاس کے دوران رابطہ کمیٹی نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وائرس کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ 

ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ کراچی ائیرپورٹ پر غیر ملکی پرواز سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ  کے انتظامات اور سرکاری ہسپتال میں کرونا وائرس کے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ مؤثر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

رہنماؤں نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں بحریہ ٹاؤن کراچی سے 460ارب روپے کو کراچی کے عوام اورکراچی شہر کی تعمیر وترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے،کیونکہ اس رقم پر قانونی اور اخلاقی حق شہر کراچی کا  ہے۔

اس دوران رکنِ رابطہ کمیٹی  خالد سلطان کے صاحبزادے اسجد اللہ کی صحت یابی اور رابطہ کمیٹی کے رکن ارشاد ظفیر کے بھائی سید محمد پرویز اورعادل خان کے بہنوئی محمد اسلم خان کی مغفرت کی دعا کی گئی۔

Related Posts