لاہور، جوہر ٹاؤن بم دھماکے پر کارروائی، مختلف شہروں میں چھاپے، متعدد افراد گرفتار

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور، جوہر ٹاؤن بم دھماکے پر کارروائی، مختلف شہروں میں چھاپے، متعدد افراد گرفتار

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے جوہر ٹاؤن میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف شہروں میں چھاپے مارے اور متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بم دھماکے پر تحقیقات نئے مرحلے میں داخل ہوگئیں، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں نے شواہد محفوظ کرنے کا عمل مکمل کر لیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے لوہے کے ٹکڑے، بال بیرنگ اور گاڑی کے حصے اکٹھے کر لیے گئے۔

تفتیشی عمل کے دوران جیو فینسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ قبل ازیں جوہر ٹاؤن دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ بھی لگالیا گیا جو 11 سال پہلے پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں ایک ڈکیتی کی واردات کے دوران چھین لی گئی تھی جس کا نمبر ایل ای بی 9928 ہے۔

مذکورہ گاڑی چھینے جانے سے متعلق گوجرانوالہ کے کینٹ تھانے میں حافظ آباد کے رہائشی شکیل کی مدعیت پر درج کیا گیا۔ مقدمے کے متن کے مطابق دھماکے میں استعمال کی گئی گاڑی 29 نومبر 2010کی صبح 9 بج کر 45 منٹ پر چھین لی گئی۔

قبل ازیں جوہر ٹاؤن دھماکے کے نتیجے میں گزشتہ روز ایک 6 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین اور 2 بچے بھی شامل تھے۔ وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے دھماکے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل تحقیقاتی اداروں نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی جس کے مطابق دھماکہ بارودی مواد سے کیا گیا جو دہشت گردوں کی کارروائی کا نتیجہ ہے۔

گزشتہ روز تیار کی گئی تحقیقاتی رپورٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آئی جی پنجاب کو پیش کردی جس کے بعد آئی جی پنجاب انعام غنی اور دیگر اعلیٰ حکام نے رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 30 کلو گرام سے زائد غیر ملکی ساختہ دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔ دھماکے میں بال بیئرنگ، کیلیں اور دیگر بارودی مواد استعمال ہوا، دھماکا خیز مواد کار میں نصب تھا، دھماکہ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔

مزید پڑھیں: دھماکے میں غیرملکی دھماکہ خیزمواد استعمال کیا گیا، ابتدائی رپورٹ تیار، ذرائع

Related Posts