پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں بنگلہ دیش میں سرمایہ کاری پر توجہ رکھنے والے نجی ایکویٹی گروپ دی اوسیرس گروپ نے ملائیشیا کی کمپنی ایڈوٹکو کا پاکستانی کاروبار خریدنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
مجوزہ معاہدے کے تحت پاکستان میں تقریباً 3 ہزار ٹیلی کام ٹاورز چلانے والی کمپنی ایڈوٹکو ٹاورز پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ملکیت اوسیرس گروپ کو منتقل کی جائے گی۔
اوسیرس گروپ کے 23 نومبر کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ سودا ایڈوٹکو کی عالمی کاروباری سرگرمیوں کی تنظیمِ نو کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت اس کی سرپرست کمپنی ایکسیٹا گروپ مختلف ممالک میں اپنے ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے کاروبار کی ملکیت تبدیل کر رہی ہے۔
معاہدے کی تکمیل پاکستان میں متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی منظوری سمیت دیگر قانونی اور کاروباری تقاضے پورے ہونے سے مشروط ہے۔
وسیع تر منصوبے کے تحت ایکسیٹا ملائیشیا میں ایڈوٹکو کے تقریباً 15.645 فیصد حصص خزانہ کو منتقل کرے گا جبکہ فلپائن، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، پاکستان اور کمبوڈیا میں ایڈوٹکو کے کاروبار بھی نئی ملکیت میں جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی اثاثوں سے سرمایہ حاصل کرکے مالی پوزیشن مستحکم کرنا ہے۔
ایکسیٹا کے چیئرمین تان سری شہریل رضا رضوان نے اس پیش رفت کو کمپنی کی کاروباری حکمت عملی میں اہم سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈوٹکو خطے میں مضبوط ٹیلی کام انفراسٹرکچر پلیٹ فارم بن چکی ہے جبکہ مجوزہ تبدیلیوں کے ذریعے کمپنی اپنے اثاثوں کی بہتر تنظیم اور مستقبل کی ترقی کے لیے مالی بنیاد مضبوط بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملائیشیا میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی قومی ملکیت اور مقامی قیادت برقرار رکھنا بھی اس منصوبے کا اہم پہلو ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








