آنجہانی پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری کے ایسے حیران کن مندرجات سامنے آئے ہیں جن میں انہوں نے اپنی زندگی کے دوران تین مرتبہ شیطان کو دیکھنے اور ایک موقع پر جہنم کے دروازوں کا مشاہدہ کرنے کا ذکر کیا تھا۔
یہ انکشافات پوپ فرانسس کی نجی تحریروں پر مشتمل ایک نئی کتاب میں سامنے آئے ہیں جس میں 1992 سے 2024 تک ان کی ذاتی ڈائری میں درج واقعات اور خیالات شامل کیے گئے ہیں۔
1992 سے 2024 تک کی نجی تحریریں منظرعام پر
ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز نے یہ کتاب مرتب کی ہے جس کا عنوان دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس ہے۔ اس میں آنجہانی پوپ کی سیاہ رنگ کی پلاسٹک کور والی ڈائری سے منتخب تحریریں شامل کی گئی ہیں۔
کارڈینل فرنانڈیز جو ویٹیکن میں نظریاتی امور کے شعبے کی سربراہی کرتے ہیں کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنی زندگی میں خود انہیں ڈائری کے مندرجات منظرعام پر لانے میں تعاون کرنے کی درخواست کی تھی۔
پوپ لیو چہار دہم نے کتاب کی اشاعت کی اجازت دے دی
رپورٹ کے مطابق پوپ فرانسس کے انتقال کے بعد کارڈینل فرنانڈیز نے نئے پوپ لیو چہار دہم سے اس خدشے کا اظہار کیا کہ ان کی ذاتی ڈائری کے اہم مندرجات کہیں کسی گودام میں محفوظ رہ کر وقت کے ساتھ ضائع نہ ہو جائیں۔
اس پر انہیں ڈائری کے منتخب اقتباسات شائع کرنے کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد ان تحریروں کو کتابی شکل دی گئی۔
تین مرتبہ شیطان کو دیکھنے کا دعویٰ
کتاب کے فرانسیسی ایڈیشن کی پیشگی دستیاب کاپی کے مطابق پوپ فرانسس نے 24 جنوری 2021 کو اپنی ڈائری میں تحریر کیا تھا کہ انہیں زندگی کے تین ایسے واقعات یاد ہیں جن میں ان کے بقول شیطان ان کے سامنے جسمانی طور پر ظاہر ہوا تھا۔
ان کے مطابق ان میں سے دو واقعات اس وقت پیش آئے جب وہ بیونس آئرس کے آرچ بشپ تھے جبکہ تیسرا واقعہ چلی کے دورے کے بعد روم میں ایک ملاقات کے دوران پیش آیا۔
پہلے واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ تقریباً 15 برس قبل جب وہ گاڑی میں اپنے گھر واپس جا رہے تھے تو اچانک کھڑکی سے انہیں شیطان دکھائی دیا۔ ان کے بقول اس کی آنکھیں انتہائی خوفناک ہونے کے ساتھ ایک عجیب کشش بھی رکھتی تھیں، جنہیں وہ آج تک فراموش نہیں کر سکے۔
دوسرے واقعے کے حوالے سے پوپ فرانسس نے لکھا کہ ایک چیپل میں عبادت کے دوران انہیں شیطان دکھائی دیا جس کی آنکھیں آگ کے شعلوں کی طرح دہک رہی تھیں۔
تیسرے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روم میں ایک اجلاس کے دوران انہیں شیطان کی موجودگی محسوس ہونے کے ساتھ اس کی آواز بھی سنائی دی تھی۔
جہنم کے دروازے دیکھنے کا بھی ذکر
پوپ فرانسس کی ڈائری میں ایک اور غیر معمولی واقعے کا تذکرہ بھی موجود ہے۔ 7 جون 2018 کی تحریر میں انہوں نے لکھا تھا کہ اس سے ایک رات قبل جب وہ سونے کی تیاری کر رہے تھے انہیں جہنم کے دروازے دکھائی دئیے تھے۔
ان نجی تحریروں کے منظرعام پر آنے کے بعد پوپ فرانسس کی زندگی کے ان ذاتی اور غیر معمولی تجربات کے بارے میں نئی بحث شروع ہونے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








