سندھ میں ملیریا کا پھیلاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا! کیسز کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

صوبہ سندھ میں خطرناک امراض کے سائے گہرے ہوتے جا رہے ہیں جہاں محکمہ صحت کی تازہ ترین رپورٹس نے تشویشناک صورتحال کا پردہ چاک کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں سال کے دوران پورے صوبے سے ملیریا کے مجموعی طور پر 90 ہزار 853 متاثرہ مریض سامنے آ چکے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں صورتحال نسبتاً مختلف ہے مگر یہاں بھی مرض کے وار جاری ہیں جہاں کل 772 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

اس فہرست میں شہرِ قائد کا ضلع ملیر سب سے زیادہ متاثر پایا گیا جہاں سے 249 افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی جبکہ ضلع جنوبی میں 164 اور ضلع غربی میں ملیریا کے 140 مریض رپورٹ ہوئے۔

اسکے علاوہ کراچی کے دیگر اضلاع کا احوال کچھ یوں رہا کہ ضلع کورنگی سے 135، ضلع وسطی سے 36، ضلع شرقی سے 34 اور ضلع کیماڑی سے ملیریا کے 14 کیسز سامنے آئے۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر ڈویژنز اور اضلاع میں اس بیماری نے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر پنجے گاڑے ہیں۔

محکمہ صحت کی تفصیلات بتاتی ہیں کہ حیدرآباد ڈویژن میں ملیریا کے سب سے زیادہ 35 ہزار 94 کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ لاڑکانہ سے 27 ہزار 57 اور سکھر کے علاقوں سے 9 ہزار 949 متاثرہ افراد رپورٹ ہوئے۔

مزید برآں شہید بینظیرآباد میں ملیریا کے مریضوں کی تعداد 10 ہزار 200 تک جا پہنچی ہے اور میرپور خاص سے بھی اس مرض کے 7 ہزار 781 کیسز سامنے آئے ہیں۔

Related Posts