بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہینِ عدالت کیس میں قانونی محاذ مزید گرم ہوگیا ہے۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے منگل کو ڈاکٹر عظمٰی خان کی جانب سے دائر کی گئی توہینِ عدالت کی درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے واپس کردیا۔
یہ درخواست سینئر وکلا عزیر کرامت بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کے ذریعے دائر کی گئی تھی جس میں عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور جیل انتظامیہ کے افسران کو فریق بنایا گیا تھا۔
سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کا اعتراض
سپریم کورٹ فیسیلیٹیشن سینٹر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے درخواست واپس کیے جانے کی تصدیق کی۔ انکے مطابق رجسٹرار آفس نے نشاندہی کی کہ درخواست میں نامزد فریقین کے خلاف الزامات کی مخصوص اور الگ الگ فہرست منسلک نہیں کی گئی تھی۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ رجسٹرار نے فیسیلیٹیشن سینٹر میں قانونی ٹیم کو ضروری انتظامی تقاضوں سے آگاہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلا درخواست کی دستاویزات مکمل کرنے میں مصروف ہیں اور کاغذی کارروائی درست ہوتے ہی اسے دوبارہ عدالت میں جمع کرا دیا جائے گا۔
یہ توہینِ عدالت کی درخواست 21 اگست کے ان اقدامات کے بعد سامنے آئی تھی، جب سرکاری حکام نے زیرِ حراست عمران خان کو سرکاری اسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا تھا۔
عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا الزام
پی ٹی آئی کے مطابق مختصر طبی معائنے کیلئے پی آئی ایم ایس منتقلی سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم کے برخلاف تھی، جس میں عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال میں داخل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ پارٹی کا یہ بھی موقف ہے کہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو میڈیکل بورڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
18 اگست کے عبوری حکم میں نجی اسپتال میں جامع طبی معائنے اور مسلسل علاج کی ہدایت دی گئی تھی جس کے لیے جیل کو ذیلی جیل کے طور پر استعمال کرنے کا انتظام بھی شامل تھا۔
حکومت کی جانب سے اس کے بجائے رات کے وقت پی آئی ایم ایس میں طبی جائزہ کرانے پر پی ٹی آئی نے عدالت سے ذمہ دار وزرا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی استدعا کی۔
پارٹی قیادت نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ عمران خان کی حراست یا صحت کے معاملے پر کوئی سیاسی سمجھوتا نہیں ہوا۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ قانونی ٹیم رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کررہی ہے اور سپریم کورٹ کو اپنے احکامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








