پاکستان کی ٹیکنالوجی کمپنی کوانٹم ڈیٹا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ (کیو ٹیک) جو ماضی میں چکوال اسپننگ ملز لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی، نے توانائی ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی میں توسیع کے لیے چین کی کمپنی گوانگ ژو گریٹ پاور انرجی اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بدھ کے روز جاری کردہ نوٹس کے مطابق معاہدے کے تحت پاکستان میں جدید لیتھیم بیٹریوں اور توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام کی مرحلہ وار مقامی اسمبلنگ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق مجوزہ منصوبے میں گھروں اور تجارتی مراکز کے لیے بیٹری پیکس، صنعتی استعمال کے توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام، ڈیٹا سینٹرز، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بنیادی ڈھانچے اور الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق بیٹری سسٹمز شامل ہیں۔
کیو ٹیک نے اس تعاون کو اپنے کاروباری دائرہ کار میں توسیع اور طویل مدتی سرمایہ کارانہ قدر بڑھانے کی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بجلی کی قابلِ اعتماد فراہمی اور توانائی کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
معاہدے میں شامل چینی کمپنی لیتھیم بیٹریوں اور توانائی ذخیرہ کرنے کے حل کی تحقیق، تیاری اور فروخت سے وابستہ ہے۔ اس کی مصنوعات توانائی ذخیرہ کرنے، نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور گھریلو اسمارٹ ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں استعمال ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ کوانٹم ڈیٹا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ 31 جنوری 1988 کو پاکستان میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی تھی۔ اس کی بنیادی کاروباری سرگرمیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اس سے متعلق خدمات کی فراہمی شامل ہے۔ منصوبے کے تحت مقامی اسمبلنگ کا عملی آغاز آئندہ پیش رفت اور جائزوں سے مشروط ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








