ماں بننے کے بعد زندگی بدل گئی ہے، کرکٹ کو بھی دیکھنا ہے، بسمہ معروف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کرائسٹ چرچ: پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ بیٹی کے آنے سے زندگی بدل گئی ہے مگر کرکٹ کو بھی دیکھنا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بسمہ معروف پاکستانی کرکٹ ٹیم کیساتھ نیوزی لینڈ میں موجود ہیں جہاں خواتین کرکٹ ورلڈ کپ شروع ہو چکا ہے اور پاکستانی ٹیم اتوار کے روز اپنا پہلا میچ انڈیا کے خلاف کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ کے اس سفر میں بسمہ معروف کی بیٹی فاطمہ اور اْن کی والدہ بھی ان کیساتھ ہیں۔ پاکستان کی خواتین کرکٹ میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی مثال ہے کہ کسی کرکٹر کے ساتھ اس کی نومولود بیٹی اور اس کی دیکھ بھال کے لیے بھی ایک فرد موجود ہے۔

دیکھا جائے تو یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی کا نتیجہ ہے کیونکہ اپریل 2021 میں بسمہ معروف نے اپنی ایک ٹوئٹ میں یہ خوشخبری سنائی تھی کہ وہ ماں کے روپ میں زندگی کے ایک نئے دور میں داخل ہونے والی ہیں اور فی الحال کرکٹ سے دوری اختیار کر رہی ہیں۔

پی سی بی نے مئی 2021 میں ’پیرنٹل سپورٹ پالیسی‘ کا اعلان کیا تھا جس کے تحت خواتین کرکٹرز کیلئے تنخواہ کے ساتھ ایک سال کی میٹرنٹی چھٹی رکھی گئی اور اس پالیسی کا پہلا فائدہ بسمہ معروف کو ہوا۔

وومن کرکٹرنے گذشتہ سال دسمبر میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلئے دستیابی کا اعلان کیا تھا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ کہا تھا کہ ٹیم میں سلیکٹ ہونے کی صورت میں بسمہ معروف کو دورے پر اپنی بچی کی دیکھ بھال کرنے کیلئے ایک سپورٹ ممبر ساتھ لے جانے کی اجازت ہو گی۔

پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان اور اْن کی والدہ نے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل ”بی بی سی“کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں خوشی کے ان لمحات اور دلچسپ تجربے کے بارے میں بتایا جو بچی کی آمد کے بعد پیش آ رہے ہیں۔بسمہ معروف کی والدہ نے اپنی نواسی کے بارے میں کہاکہ فاطمہ کے آنے سے مجھ میں بھی تیزی آ گئی ہے،میں زیادہ متحرک ہوگئی ہوں۔

بچی کی تمام حرکتوں سے بہت انجوائے کرتی ہوں اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ میرے دیگر نواسے نواسیاں پوتے پوتیاں ملک سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فاطمہ کے ساتھ یہ میرا پہلا تجربہ ہے لہٰذا مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ گھر میں بہت ہی پیارا ماحول ہے۔

اس سوال پر کہ ”بسمہ کو سنبھالنا مشکل تھا یا اب فاطمہ کو سنبھالنا مشکل لگ رہا ہے؟ اس سے پہلے کہ بسمہ کی والدہ جواب دیتیں، بسمہ نے زبردست قہقہہ لگایا اور کہنے لگیں میں نے امی کو بہت تنگ کیا تھا۔اْن کی والدہ نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ بسمہ کو سنبھالنا زیادہ مشکل تھا۔

مزید پڑھیں :پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز، پاکستان نے 476 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرکر دی

پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان نے کہا کہ بیٹی کے آنے سے زندگی تبدیل ہو گئی ہے، بندہ اپنے آپ کو بھول جاتا ہے، آپ کی تمام توجہ بچے کی طرف چلی جاتی ہے، اپنے لیے وقت نہیں ملتا، مصروفیت بڑھ گئی ہے لیکن چونکہ کرکٹ دوبارہ شروع کر دی ہے لہٰذا اس کو بھی دیکھنا ہے، مشکل ضرور ہے لیکن امی کے ساتھ ہونے سے مجھے بڑی مدد مل رہی ہے۔

Related Posts