اسرائیلی بربریت جاری، غزہ پر فضائی حملے میں 3بچوں سمیت 9فلسطینی شہید

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسرائیلی بربریت جاری، غزہ پر فضائی حملے میں 3بچوں سمیت 9فلسطینی شہید

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

غزہ: مقبوضہ بیت المقدس پر اسرائیلی جارحیت میں تیزی آگئی، غزہ کی جانب سے یروشلم پر راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیل نے بھی غزہ پر فضائی حملہ کردیا، نتیجے میں تین بچوں سمیت 9 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ جمعہ سے جاری ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، اسرائیلی پولیس کی جانب سے فلسطینی مظاہرین پرربڑ کی گولیوں اور اسٹن گرینیڈ کی وجہ سے آج بھی درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

حماس نے ان جھڑپوں کے بعد اسرائیل پر راکٹ حملے کرنے کی دھمکی دی تھی اور آج حماس کی جانب سے کئے گئے راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیل نے غزہ کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی باشندے شہید ہوگئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان جوناتھن کونریکس نے غزہ پر ہونے والے فضائی حملوں میں حماس کے سینئر کمانڈر کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جین ساکی کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑھتے ہوئے تشدد پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم اسرائیل کی صورت حال کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں، موجودہ صورت حال پر ہمیں تحفظات ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصیٰ میں گھس کر 300 سے زائد نمازیوں کو زخمی کردیا تھا۔

اسرائیلی فوج کے اس ظلم کے بعد فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی پولیس کے درمیان پر تشدد تصادم میں تیزی آگئی ہے۔جبکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی گئی تھی۔

Related Posts