جہانگیر ترین نے استحکام پاکستان پارٹی کا اعلان کر دیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جہانگیر ترین نے ''استحکام پاکستان پارٹی'' کا اعلان کر دیا
جہانگیر ترین نے ''استحکام پاکستان پارٹی'' کا اعلان کر دیا

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء جہانگیر ترین نے اپنی نئی سیاسی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی” کا اعلان کر دیا، اس موقع پر عبدالعلیم خان، محمود مولوی، عمران اسماعیل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

نئی جماعت کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگوں کا شکر گزار ہوں آج ایک نئی سیاسی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی” کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ اس دوران بہت سارے لوگوں سے ملا ہوں، سب کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے، میں روایتی سیاست دان نہیں ہوں،سیاست میں آنے سے لے کر اب تک ایک ہی مقصد رہا ہے کہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کروں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سب کو اندازہ ہو جائے گا ہم نے کس حد تک پارٹی کو مضبوط کیا، تحریک انصاف کو مضبوط بنانے میں اس لیے کردار ادا کیا تاکہ ملک میں اصلاحات لائی جا سکیں بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ جذبے کے تحت پی ٹی آئی میں شامل ہوا تھا، اس کو مضبوط سیاسی قوت بنانے کیلئے دن رات جدو جہد کی، 2013ء کے الیکشن کے بعد ہم نے پارٹی میں جوش و جذبہ پیدا کیا۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ نومئی کے واقعات نے پاکستان کی سیاست کو تبدیل کر کے رکھ دیا، اگر نومئی کے شرپسندوں کو انجام تک نہ پہنچایا تو کل پھر سیاستدانوں کے گھروں تک پہنچیں گے، شر پسندوں کو انجام تک پہنچانا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ معاملات ویسے نہ چل سکے جیسے ہم چاہتے تھے، لوگ ہم سے بد دل ہونا شروع ہو گئے، پی ٹی آئی کا منشور کچھ اور تھا، پی ٹی آئی احتساب کا نعرہ لگا کر وجود میں آئی تھی۔

جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے سنجیدہ کوشش کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے زخموں پر ہم مل کر مرہم رکھنا چاہتے ہیں، ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو تقسیم کو ختم اور قوم کو امید کا بیانیہ دے۔

گزشتہ چند سال کے واقعات نے معیشت، سیاست کو شدید نقصان پہنچایا ہے، موجودہ صورتحال میں عوام کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں، اسی لیے ہم آج یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام اسی صورت مضبوط ہو سکتا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اپنی آئینی ذمہ داریوں کو سمجھیں، آنے والے دنوں میں مزید لوگ پارٹی میں شامل ہوں گے، مشترکہ جدوجہد میں ساتھ دینے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 0.29 فیصد رہی،اسحاق ڈار

جہانگیر ترین نے کہا کہ اس جماعت کا مقصد نوجوانوں کی ترجمانی کرنا ہے، معاشرے کے طبقات کی آواز بنیں گے، ہماری جماعت ترقی اور خوشحالی کی علامت ہو گی،آنے والے دنوں میں اصلاحی ایجنڈا سامنے لائیں گے، آئندہ الیکشن میں بہتر سے بہتر نتائج حاصل کریں گے، ہم نے برآمدات کو بڑھانا اور آئی ٹی سیکٹر کو اٹھانا ہے۔

Related Posts