پاکستان بھر میں ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ایرانی ٹماٹر کی درآمد کے باوجود مارکیٹ میں قیمتوں میں نمایاں کمی نہیں آ سکی۔
ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتیں مسلسل بلند سطح پر برقرار ہیں، جس کے باعث عام شہریوں کا گھریلو بجٹ متاثر ہو رہا ہے۔
کراچی میں ٹماٹر 400 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں، جہاں پکے ٹماٹر کی قیمت 500 سے 550 روپے فی کلو جبکہ کچے ٹماٹر بھی 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں۔
پشاور میں ٹماٹر 400 سے 450 روپے فی کلو فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ لاہور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی ایرانی ٹماٹر دستیاب ہونے کے باوجود قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔
تاجروں کے مطابق مارکیٹ میں درآمدی ٹماٹر موجود ہیں، تاہم طلب میں اضافے اور رسد محدود ہونے کے باعث قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہیں آ رہی۔
ٹماٹر کی مہنگائی کے باعث کئی گھروں میں متبادل کے طور پر دہی اور دیگر اشیاء کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ کھانے تیار کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹماٹر کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








