بنگلادیش نے پاکستانی صنعتکاروں کو تجارتی روابط بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان روابط مضبوط بنا کر دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو نئی وسعت دی جا سکتی ہے۔
بنگلادیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے کراچی میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرحمان فدا کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی۔
انہوں نے پاکستانی صنعتکاروں کو بنگلادیش کا دورہ کرنے، وہاں موجود تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوطرفہ تجارت، قابل تجارت مصنوعات کے دائرہ کار میں توسیع، کاروباری وفود کے تبادلے اور تجارتی سہولتوں میں اضافے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرحمان فدا نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں اور بحری کارگو سروسز میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر لاجسٹکس سے تجارتی لاگت میں کمی اور باہمی تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔
ڈپٹی ہائی کمشنر نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ بنگلادیشی مارکیٹ کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی برآمدی حکمت عملی مرتب کریں۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش پاکستانی مصنوعات اور سرمایہ کاری کیلیے ایک امید افزا مارکیٹ ہے اور ڈپٹی ہائی کمیشن پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔
ملاقات کے اختتام پر سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورے کی دعوت دی تاکہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








