حمزہ شہباز حاجی بن کر لاہور کی سڑکوں پر لوگوں کو بے وقوف بناتا رہا، فردوس عاشق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فردوس عاشق اعوان
لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں پیپلز پارٹی نہ تین میں ہے نہ تیرہ میں، عثمان بزدار کی جگہ نیا وزیرِ اعلیٰ لانے کی بات بے بنیاد ہے۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کسی نظام کوبدلنے کے لئے جرات مندقیادت ہی اصلاحات متعارف کراسکتی ہے، جاتی امراوالوں نے پورے پاکستان کی نمبرداری کاٹھیکہ ظل سبحانی کے سپرد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے (ن)لیگ کے اس ہینڈ پک نظام کو ختم کیا اور عوام کو ان کے حقوق دیئے،(ن) لیگ کے دور میں اسٹام فروش مافیا نے (ن)لیگ کی چھتری تلے جرائم پیشہ اور قبضہ مافیا کے ساتھ مل کر عوام کو لوٹنے کے لئے نیٹ ورک بنایا۔

تبدیلی یہ ہے کہ جو غلط ہورہا تھا ہم نے اس کو روکا ہے اور اس کا حصہ بننے سے انکار بھی کردیا ہے،جعلی راجکماری اب پھولن دیوی کا روپ دھار چکی ہے یہ سیاسی بونے اپنا قداونچا کرنے کے لئے عمران کا نام جپتے رہتے ہیں،ان کی سیاست عمران کے نام کی مرہون منت ہے۔

گزشتہ روز ایک قیدی کو رہائی ملی ہے تووہ حاجی بن کر لاہور کی سڑکوں پر لوگوں کو بے وقوف بناتا رہا، اس حاجی کو پتہ ہونا چاہیے کہ ابھی مقدمہ ختم نہیں ہوا،اس قیدی کی رہائی پر استقبالیہ کارکنوں کا ٹولیوں میں بٹ کرمریم اور حمزہ کے علیحدہ علیحدہ نعرے لگانامستقبل میں (ن)لیگ کے اندر ہونے والی اکھاڑ پچھاڑ کی واضح تصویر پیش کررہا تھا۔

مریم،حمزہ کو کارکن اور خود کو لیڈر سمجھتی ہیں،ایک میان میں دو تلواریں نہیں رہ سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایوان وزیراعلی میں سینئر ممبربورڈ آف ریونیوبابرحیات تارڑکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کرپشن کی مشین نصب ہونے جارہی ہے۔بلاول کے بابا اس مشین کے ذریعے سینٹ الیکشن کے نتائج کی انجینئرنگ کریں گے- انہوں نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن پرالیکشن کمیشن کے فیصلے پر ان کی خوشی بتاتی ہے کہ ان کی زبانوں کے ساتھ انکے ہاتھ بھی بہت لمبے ہیں۔

پنجاب میں ن لیگ اور پی پی میں ایک مفاہمتی فارمولا طے ہوا اور انہوں نے اپنے کاغذات واپس لے کرروایتی مک مکا کا ایک دفعہ پھر مظاہرہ کیا ہے -وفاق میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان یوسف رضا گیلانی کو سپورٹ کرنے کے معاملے پر کرپشن کے تحفظ کے لئے مفاہمتی فارمولا اپنایا گیا۔

پانچ سال پی پی نے ن لیگ سے نہیں پوچھا اور اگلے پانچ سال ن لیگ نے ان سے کوئی سوال نہ کیا۔پھر انہیں یہ پریشانی لاحق ہوئی کہ یہ تیسرا کون ہے جو ان سے کرپشن کا حساب مانگ رہا ہے۔

یہ عمران خان ہے جو عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکران کی کرپشن کے راستے کی سب سے بڑی دیوار بن گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے نظام میں بے شمار خامیاں ہیں یہاں چور چوہدری بنا رہا اور جتنا لچا اتنا اچا والا فارمولا چلتا رہا۔

اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے اس نظام کو بدلنا ہمارا فرض ہے جو لوگ حاجی بن کر قوم کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں اور انہوں نے قانون کو اپنے گھر کی لونڈی بنایا ہوا ہے ان کا علاج قانون سے ہی کریں گے۔ عمران خان نے اڑھائی سال میں ہر ادارے میں اصلاحات متعارف کرائیں۔

Related Posts