وزیر خارجہ کا بغداد میں پاکستانی اور عراقی تاجروں سے خطاب

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور عراق برادر ممالک ہیں جو مضبوط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں منسلک ہیں، دونوں اطراف ایک دوسرے کے لیے بے پناہ نیک خواہشات موجود ہیں۔

 دفتر خارجہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ عراق کے دوران بغداد میں پاکستانی اور عراقی تاجر برادری کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر، وزیر اعظم اور عراقی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران ہم نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں عراق کے ساتھ تعاون اور پانی کے انتظام اور زراعت میں مہارت کے اشتراک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے تعاون کے نئے اور اختراعی خیالات کو تلاش کرنے کا عزم کیا ہے جس میں کنیکٹیویٹی، بندرگاہوں کے رابطے اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون شامل ہیں، دونوں ممالک کی کاروباری برادری کی سہولت کے لیے ہم نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ویزا کے لچکدار نظام اور کاروباری وفود کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کاروبار کرنے میں آسانی کے اپنے اقدام کے ایک حصے کے طور پر پاکستان آنے والے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ویزا کی سہولت اور طویل مدت کے ویزے کے اجراء کے لیے پہلے ہی انتظامات کئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور عراق نے دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں جن کا مقصد ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینا اور سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا چھوٹ کی سہولت میں توسیع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے لوگوں کے درمیان رابطوں اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو کافی حد تک فروغ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

محمد رضوان کی امریکا میں سڑک پر نماز اور اذان کی ویڈیو وائرل

وزیر خارجہ نے کہا کہ زائرین کے متعلق مفاہمت نامے کا مقصد زائرین کی مقدس مقامات کی زیارت کے لیے قانونی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ عراق نے نجف میں قونصل خانہ کھولنے کی ہماری درخواست پر اتفاق کیا ہے، یہ مثبت پیش رفت دو طرفہ تعلقات کی رفتار کو مزید بلندیوں تک لے جائے گی۔ انہوں اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں طرف کی کاروباری برادریاں ان انتظامات سے فائدہ اٹھائیں گی جو ہمارے برادرانہ اور تاریخی تعلقات کے مطابق تجارت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری ہماری خارجہ پالیسی کا مرکز ہے، ہم باہمی فائدہ مند اقتصادی تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری شراکت داری کی قیادت دونوں اطراف کی متحرک کاروباری برادری کرے جو دونوں ممالک کی خوشحالی اور ترقی کی راہ ہموار کرے۔

Related Posts