2021 میں مس ٹرانس پاکستان بننے والی شائرہ رائے نے فلموں کی پروڈکشن کا آغاز کردیا۔
مشہور بھارتی فلمساز وکرم بھٹ کی تحریر کردہ اس فلم میں شائرہ رائے ، جاوید شیخ، منیب علی، مراد کاظمی، بینش جارج، مرہوم بلال، زینت بٹ اور دیگر اداکاروں نے کام کیا ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسی اداکارہ کی ہے جو کہ شہرت کی بلندیوں کو چھو رہی ہوتی ہے۔ فلم میں شائرہ رائے مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے شائرہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک مشہور اداکارہ کا کردار نبھائیں گی ۔ جیسے پاکستان میں ماہرہ خان یا بالی وڈ کی اداکارہ دیپیکا پاوڈوکون ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فلم کی کہانی ایک ٹاپ اداکارہ اور ان کے ایک فین کے گرد گھوم رہی ہے جو کہ اس اداکارہ سے انتہا سے زیادہ محبت کرتا ہے اور بعد میں اس کی محبت جنون اور دیوانگی میں بدل جاتی ہے۔
فلم کے حوالے سے شائرہ کا کہنا ہے کہ فلم کی پروڈکشن پر کام جاری ہے۔ ایسا بتایا جارہا ہے کہ شائرہ کی فلم سنک رواں برس سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔