پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین کرکٹ لیگ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارھویں ایڈیشن کا باضابطہ شیڈول سامنے آ گیا ہے۔ شائقینِ کرکٹ کے لیے سنسنی اور جوش سے بھرپور یہ میلہ آئندہ برس 18 مارچ سے 2 مئی تک جاری رہے گا جبکہ مسلسل دوسرے سال بھی اس ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس لندن میں منعقد ہوا جس میں تمام آٹھ فرنچائزز کے مالکان اور اعلیٰ نمائندگان نے شرکت کی۔ اس مشاورتی اجلاس میں باہمی اتفاق رائے کے ساتھ پی ایس ایل 12 کی ونڈو کو حتمی شکل دی گئی۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے گیارہویں سیزن میں روایتی پلیئر ڈرافٹ کے نظام کو تبدیل کرکے پہلی بار پلیئر آکشن متعارف کروایا گیا تھا جبکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ کے دوران 32 ہزار سے زائد شائقین نے اسٹیڈیم میں موجود ہوکر میچ کا براہ راست لطف اٹھایا تھا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں کرکٹ کے متوالے پی ایس ایل 12 کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ تاریخوں کا اعلان تو محض پہلا مرحلہ ہے اب تمام آٹھ ٹیمیں ٹرافی پر قبضہ کرنے کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تیاری اور جوش کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
پی سی بی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگز اور کھلاڑیوں کی نیلامی (آکشن) کا اعلان آئندہ ماہ متوقع ہے جبکہ میچوں کے باقاعدہ شیڈول، وینیوز اور ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 سال کے طویل انتظار کے بعد ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ فائنل میں پشاور زلمی نے لیگ میں پہلی بار انٹری دینے والی نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اٹھائی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








