کراچی والوں پانی ذخیرہ کرلو ورنہ! 13 نومبر کو بڑے شٹ ڈاؤن کا اعلان، سپلائی ہوگی متاثر

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے شہریوں کو 13 نومبر کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر سالانہ مینٹیننس کے باعث بجلی کی فراہمی 14 گھنٹے کے لیے معطل رہے گی جس کے نتیجے میں کراچی کو تقریباً 130 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک نے دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر سالانہ مرمت کے سلسلے میں بجلی کی بندش کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ شیڈول کے تحت 13 نومبر کو صبح 10 بجے سے رات 12 بجے تک بجلی کی فراہمی بند رہے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی معطلی کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مجموعی 21 پمپس میں سے 9 بند رہیں گے جس سے شہر کو فراہم کیے جانے والے پانی کی مقدار میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

واٹر کارپوریشن کے مطابق کراچی کو روزانہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم شٹ ڈاؤن کے دوران بھی 520 ملین گیلن پانی کی ترسیل جاری رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

کون سے علاقے متاثر ہوں گے؟

ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش سے لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن اقبال، کلفٹن، صدر، لیاری، جناح، چنیسر، ناظم آباد، لیاقت آباد اور نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ ناظم آباد اور گلبرگ ٹاؤن میں بھی پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔ مینٹیننس کے دوران لانڈھی اور شیرپاؤ ہائیڈرنٹس بھی بند رکھے جائیں گے۔

بجلی بحالی کے بعد بھی پانی کی قلت برقرار رہنے کا امکان

واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک کا سالانہ مینٹیننس مکمل ہونے اور بجلی بحال ہونے کے بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 9 میں سے 6 پمپس دوبارہ چالو کردئیے جائیں گے۔

اس مرحلے میں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کے علاوہ دیگر متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق بجلی کا شٹ ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی واٹر کارپوریشن کا سالانہ مینٹیننس مزید 22 گھنٹے جاری رہے گا۔ اس دوران دھابیجی کے صرف 3 پمپس بند رہیں گے، جس کے باعث لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کے علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر رہے گی۔

شہریوں کو پانی ذخیرہ کرنے کی ہدایت

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کی بندش سے قبل اپنی ضرورت کے مطابق پانی ذخیرہ کرلیں اور مینٹیننس کے دوران پانی کا استعمال احتیاط اور کفایت شعاری سے کریں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی بحال ہوتے ہی پانی کی ترسیل بھی مرحلہ وار معمول پر لانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

Related Posts