جاپان کیساتھ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ٹوکیو: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جاپان کے ساتھ سرمایہ کاری، تجارت، سیاحت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جاپان کے سرکاری دورے کے موقع پر ٹوکیو میں جاپانی ہم منصب یوشیماسا حیاشی کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبہ دوطرفہ تعلقات میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے، جاپان کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، سیلاب متاثرین کی مدد پر جاپان کی حکومت کے شکر گزار ہیں، پاکستان جاپان کو افرادی قوت مہیا کرسکتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دورہ جاپان کے دوران میزبانی پر وزیر خارجہ یوشیماسا حیاشی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ میرا جاپان اور خوبصورت شہر ٹوکیو کا پہلا دورہ ہے، پاکستان اور جاپان دیرینہ دوست ہیں، پاکستانی عوام جاپان اور جاپانی عوام کے لیے گرمجوشی اور محبت کے گہرے جذبات رکھتے ہیں، ہم ضرورت کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ہم نے مسلسل اعلیٰ سطحی تبادلوں کے ذریعے تعلقات میں نئی توانائی اور ولولہ دیکھا ہے، مجھے آسیان علاقائی فورم کے 29 ویں وزارتی اجلاس کے موقع پر 4 اگست 2022 کو کمبوڈیا میں جاپانی ہم منصب یوشیماسا حیاشی سے ملنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا، آج ہم نے ملاقات سے اپنی بات چیت کو آگے بڑھایا ہے، جاپانی وزیر خارجہ کے ساتھ بہت نتیجہ خیز بات چیت کی کہ کس طرح دونوں ممالک ہمارے باہمی تعاون کو مزید گہرا کرسکتے ہیں، ہم نے تجارت، سرمایہ کاری، انسانی وسائل کی ترقی اور تبادلے، آئی ٹی، سیاحت اور زراعت جیسے شعبوں میں اپنے باہمی فائدہ مند دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

جاپان کے دورے کا مقصد تجارت کو فروغ دینا ہے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے مشترکہ طور پر پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سولرائزیشن، ڈی سیلی نیشن، واٹر پیوریفیکیشن، ہاؤسنگ اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے شعبوں میں زیادہ اثر رکھنے والے ٹارگٹڈ پروگراموں پر مل کر کام کرنے کے امکانات کو تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے، اس کے علاوہ فریقین نے ہنر مند افرادی قوت کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے پاکستان میں جاپانی زبان کے لیے لینگویج سکل اسیسمنٹ ٹیسٹ کرانے پر اتفاق کیا ہے، ہم نے جاپان میں نوجوان پاکستانی ہنر مند انسانی وسائل کی درآمد اور ان کی زبان کی تربیت کو تعاون کا ایک اہم شعبہ قرار دیا ہے، بات چیت میں پاکستان میں جاپانی اداروں کی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں پر بھی غور کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جاپان کے دورے کے دوران نجی شعبے، مقامی میڈیا کے ساتھ ساتھ تھنک ٹینکس سے بھی بات کروں گا، دونوں ملکوں کو مثبت بات چیت کو مزید آگے بڑھانے اور تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کے لیے ہر سطح پر مصروف رہنے کی ضرورت ہے، جاپان کے دورے کے دوران نجی شعبہ کے افراد سے ملاقات کروں گا۔

وزیر خارجہ نے مہمان نوازی پر جاپانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری یکم جولائی سے 4 جولائی تک جاپان کا 4 روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں، ان کی جاپانی وزیر اعظم سے بھی ملاقات ہو گی۔

Related Posts