سوئی گیس صارفین کے لیے بڑی خوشخبری، گھر کے قریب نئی سہولت شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGC) نے صارفین کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے گلستانِ جوہر میں خصوصی “سہولت وان سروس” کا آغاز کر دیا۔

کمپنی کے مطابق اس موبائل سروس کے ذریعے صارفین موقع پر ہی گیس بل جمع کرا سکیں گے، ڈپلیکیٹ بل حاصل کر سکیں گے، بلوں کی اقساط کے لیے درخواست دے سکیں گے اور گیس سے متعلق شکایات بھی درج کرا سکیں گے۔

ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ عدم ادائیگی کے باعث لاک کیے گئے گیس میٹر پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد اسی روز بحال (ان لاک) کر دیے جائیں گے تاکہ صارفین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

کمپنی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سہولت وان 16 اور 17 جولائی کو پہلوان گوٹھ، گلستانِ جوہر بلاک 9 (قریب حبیب یونیورسٹی) میں جبکہ 20 اور 21 جولائی کو الپائن ٹاؤن، گلستانِ جوہر بلاک 10 میں صارفین کو خدمات فراہم کرے گی۔

ایس ایس جی سی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو بلنگ، ادائیگیوں اور دیگر گیس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے آسان، فوری اور صارف دوست سہولیات فراہم کرنا ہے۔

کمپنی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے قریبی مقررہ مقام پر جا کر اس سروس سے فائدہ اٹھائیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن نمبر 1199 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Related Posts