ویڈیو: 13 سالہ بچی ماں بن گئی اور بچہ تحویل میں لینے کیلئے عدالت جا پہنچی، حیران کن کہانی

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو بنگلادیشی میڈیا

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 13 سالہ انامیکا اختر جوئی نے قانونی جدوجہد کے بعد اپنے 7 ماہ کے بیٹے کی عارضی تحویل حاصل کرلی۔

ہزاری باغ، ڈھاکہ کی رہائشی انامیکا کے مطابق ان کی ملاقات فیس بک کے ذریعے 22 سالہ شکیل عرف شاکیب میاں سے ہوئی تھی۔ بنگلہ دیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان تعلق قائم ہوا اور انامیکا کی شکیل سے شادی اس وقت ہوئی جب ان کی عمر 11 برس تھی۔

رپورٹس کے مطابق رواں سال انامیکا کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی، تاہم بچے کی پیدائش کے چند ماہ بعد مبینہ طور پر سسرال والوں سے اختلافات پیدا ہوگئے۔ انامیکا کا الزام ہے کہ بچے کو اپنے پاس رکھنے کے بعد انہیں گھر سے نکال دیا گیا، جس کے بعد انہوں نے بچے کی واپسی کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا۔

انامیکا نے یکم جولائی 2026 کو ڈھاکہ کے چیف لیگل ایڈ آفس میں درخواست دائر کی۔ عدالت نے شکیل اور اس کی والدہ کو طلب کیا، تاہم مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے پر جج صائم خان نے پولیس کو بچے کی بازیابی کا حکم دیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ʀᴇᴀsɪᴅɪᴀʀɪᴇss🇮🇳( JK20) (@reasidiariess)

پولیس نے 27 جولائی کو بچے کو بازیاب کر کے عدالت میں پیش کیا، جس کے بعد 28 جولائی کو فریقین کا مؤقف سننے کے بعد عدالت نے بچے کو فی الحال ماں کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ انامیکا عمر کے لحاظ سے خود ایک بچی نظر آتی ہیں، اس لیے پہلی نظر میں یقین نہیں آیا کہ وہ ایک بچے کی ماں ہیں۔

عدالت کا یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے، جبکہ بچے کی مستقل سرپرستی کا معاملہ فیملی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

دوسری جانب شکیل نے عدالت میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ انامیکا اپنی مرضی سے اس کے ساتھ گئی تھیں اور بعد میں خود گھر چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔ شکیل کا کہنا ہے کہ اس نے بچے کی سرپرستی کے لیے فیملی کورٹ میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

انامیکا کی والدہ کا مؤقف ہے کہ ان کی بیٹی زیر تعلیم تھی اور شکیل نے اسے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ رکھا۔ انہوں نے اس رشتے کی ابتدا ہی سے مخالفت کی تھی۔

سوشل میڈیا پر شکیل کی بعض ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں جن میں وہ انامیکا سے متعلق الزامات عائد کر رہا ہے، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

Related Posts