شہباز حکومت نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں یکمشت 12 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 358 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی جبکہ ڈیزل بھی عوام کی پہنچ سے مزید دور کرتے ہوئے 3 روپے 72 پیسے مہنگا کردیا گیا اور اس کی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 8 ستمبر 2026 سے ہوگا۔ حکومتی فیصلے کے بعد پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہریوں پر سفری اخراجات اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
عام کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں یکدم تقریباً 13 روپے فی لیٹر اضافہ عوام کے لیے کسی نئے معاشی امتحان سے کم نہیں کیونکہ ایندھن مہنگا ہونے کا براہِ راست اثر ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی لاگت پر پڑتا ہے۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے لیے عالمی مارکیٹ اور دیگر لاگت کے عوامل کو بنیاد بنایا گیا ہے تاہم عوامی سطح پر یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ ہر بار قیمتوں کا بوجھ عام شہری ہی کیوں برداشت کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جائزے میں بھی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 74 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا اگرچہ اس وقت پیٹرول 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔
تازہ اضافے نے مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام کے لیے ایک مرتبہ پھر اخراجات کا نیا محاذ کھول دیا ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سب سے بڑا اثر ان کے ماہانہ بجٹ پر پڑتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








