سیالکوٹ کے نوجوان کامران منصف کا غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے کا خواب چکناچھر ہو گیا۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بروقت اور جاندار کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فلائٹ نمبر کیو آر 631 کے ذریعے سفر کرنے والے کامران منصف نامی مسافر کو بورڈنگ سے قبل سیکنڈری چیکنگ کے مرحلے سے گزرنا پڑا۔ اس دوران جب مامور اہلکاروں نے اس کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی تو جعلسازی کا کھیل بے نقاب ہو گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں حیرت انکشافات سامنے آئے ہیں کہ ملزم کامران نے اٹلی میں مقیم اپنے ایک بھارتی دوست سرجیت سنگھ سے 2600 یورو کی بھاری رقم ادا کرکے جعلی اطالوی رہائشی کارڈ حاصل کیا تھا جسے وہ اصل ظاہر کر کے یورپ میں داخل ہونے کی تاک میں تھا۔
ایف آئی اے حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے تمام جعلی سفری دستاویزات اپنے قبضے میں لے لی ہیں بعد ازاں ضابطے کی کارروائی اور مزید تفتیش کے لیے ملزم کو باضابطہ طور پر ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اس کے تاریک نیٹ ورک تک پہنچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








