پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ہر دلعزیز اداکارہ نیلم منیر کے گھر پہلے فرزند کی ولادت ہوئی ہے جس کا اعلان انہوں نے خود سوشل میڈیا کے ذریعے کیا۔
اداکارہ نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ ایک خوبصورت اور دل کو چھو لینے والی تصویر شیئر کی۔ اسپتال کے کمرے میں بنائی گئی اس تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نیلم منیر اپنے ننھے جگر کو گود میں اٹھائے بیٹھی ہیں جہاں بچہ سفید رنگ کمبل میں لپٹا ہوا ہے جبکہ اداکارہ نے مداحوں کی دلچسپی اور رازداری برقرار رکھتے ہوئے بیٹے کا چہرہ ایک پیارے سے ایموجی کی مدد سے چھپا رکھا ہے۔
اس خوشی کے موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ وہ خاص لمحہ جب میں کسی کی پوری کائنات بن گئی، الحمدللہ! میرا یہ ننھا شہزادہ محمد حمدان دراصل میری وہ دعا ہے جو شرفِ قبولیت پا چکی ہے اور یہ میری زندگی کی سب سے بڑی اور انمول نعمت ہے۔
نیلم منیر کا یہ جذباتی اور محبت سے بھرپور بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور مداحوں سمیت شوبز کی معروف شخصیات کی جانب سے بھی انہیں ماں بننے کے نئے سفر پر ڈھیروں مبارکبادیں اور نیک تمنائیں دی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ نیلم منیر اپنی نجی زندگی کو ہمیشہ میڈیا کی چکاچوند اور گلیمر سے دور رکھنا پسند کرتی ہیں۔ انہوں نے رواں برس یعنی جنوری 2025 میں دبئی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تاجر محمد راشد کے ساتھ ازدواجی زندگی کا آغاز کیا تھا اور شادی کے بعد سے وہ باقاعدہ طور پر ٹیلی وژن اسکرین اور ڈراموں سے دور ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








