جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنے گلیکسی اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر دستیاب مقبول نیوز سروس سام سنگ نیوز کو 21 دسمبر 2026 سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی نے بھارت اور جنوبی کوریا میں صارفین کو 26 اکتوبر کو ایپ کے ذریعے نوٹیفکیشن بھیج کر اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ اعلان کے مطابق سروس پاکستانی وقت کے مطابق 21 دسمبر کی رات 12 بجے ختم کردی جائے گی جس کے بعد نیوز ویجٹ پر نئی خبروں اور مواد کی اپ ڈیٹس موصول نہیں ہوں گی۔
سام سنگ نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ سروس بند ہونے سے قبل اپنے فون کی ہوم اسکرین سے متعلقہ نیوز ویجٹ ہٹا دیں تاکہ بعد میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ اپریل 2023 میں متعارف کروائی گئی سام سنگ نیوز ایپ نے کمپنی کی سابقہ سروس Samsung Free کی جگہ لی تھی۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین کو بریکنگ نیوز، کھیلوں، کاروبار، مالیاتی معلومات اور اپنی دلچسپی کے موضوعات سے متعلق خبریں ایک ہی جگہ دستیاب ہوتی تھیں۔
سروس کے خاتمے کے بعد صارفین کے پروفائلز اور ذاتی نوعیت کی خبروں سے متعلق سیٹنگز سمیت پلیٹ فارم پر محفوظ ذاتی ڈیٹا بھی حذف کردیا جائے گا، تاہم قانونی تقاضوں کے تحت بعض معلومات عارضی طور پر محفوظ رکھی جاسکتی ہیں۔
سام سنگ نے تاحال سروس بند کرنے کی وجہ واضح نہیں کی تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ مستقبل میں گلیکسی فونز پر گوگل ڈسکور کو نیوز فیڈ کے طور پر زیادہ نمایاں کیا جاسکتا ہے جس کی کمپنی نے تصدیق نہیں کی۔
فی الحال بندش کا نوٹیفکیشن بھارت اور جنوبی کوریا میں سامنے آیا ہے جبکہ دیگر ممالک کے حوالے سے حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ صارفین خبروں کے لیے گوگل نیوز اور گوگل ڈسکور استعمال کرسکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








