قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کو ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے سزا دے دی گئی۔
میچ میں بھارتی بیٹر شفالی ورما کو آؤٹ کرنے کے بعد فاطمہ ثنا نے انہیں پویلین کی جانب جانے کا اشارہ کیا جس پر آئی سی سی نے معاملے کا نوٹس لیا۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر فاطمہ ثنا کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کردیا گیا جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا۔
کپتان فاطمہ ثنا نے اپنی غلطی تسلیم کرلی جسکے باعث معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
تازہ ڈی میرٹ پوائنٹ کے بعد گزشتہ 24 ماہ کے دوران فاطمہ ثنا کے مجموعی ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔ ان کا پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ 6 اگست 2025 کو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








